• Wed. Jul 2nd, 2025

News Time HD TV

Ansar Akram

بلدیہ عظمیٰ کراچی کونسل اجلاس، مقبوضہ کشمیر میں بھارتی حکومت کے ظالمانہ اقدامات کی شدید مذمت

Sep 24, 2019

کراچی(غلام مصطفے عزیز) بلدیہ عظمیٰ کراچی کی کونسل نے متفقہ طور پر منظور کی گئی قرارداد کے تحت مقبوضہ کشمیر میں بھارتی حکومت کے ظالمانہ اقدامات کی شدید مذمت کرتے ہوئے اقوام عالم بالخصوص انسانی حقوق کی تنظیموں سے مطالبہ کیا ہے کہ کشمیریوں کی نسل کشی روکنے کے لئے فوری اقدامات کئے جائیں، اقوام متحدہ کشمیری عوام کو اپنی مرضی سے زندگی گزارنے کا حق دلائے اور کشمیر میں بھارتی غنڈہ گردی کو روکے۔ کونسل کا اجلاس ڈپٹی میئر سید ارشد حسن کی صدارت میں پیر کی سہ پہر کونسل ہال صدر دفتر بلدیہ عظمیٰ کراچی میں منعقد ہواجس میں میٹروپولیٹن کمشنر ڈاکٹر سید سیف الرحمن نے بھی شرکت کی۔ اجلاس میں مجموعی طور پر 19دیگر قراردادوں کی بھی اتفاق رائے سے منظوری دی گئی جن میں گزشتہ بارشوں کے دوران کراچی میں کرنٹ لگنے سے ہونے والی ہلاکتوں پر اظہار افسوس اور اس کے ذمہ داروں کو قرارواقعی سزا دینے کے مطالبے سمیت بلدیہ کراچی کے لانڈھی کورنگی چڑیا گھر اور کراچی چڑیا گھر میں مختلف اسٹالز اور سہولیات کی نیلامی ، کڈنی ہل پارک کو اربن فاریسٹ بنانے ،کے ایم سی اسپورٹس کمپلیکس کشمیر روڈ پر چائنا گرائونڈ میں کشمیر باغ قائم کرنے کی منظوری اور کراچی انسٹیٹیوٹ آف ہارٹ ڈیزیز میں لکویڈ آکسیجن گیس کی فراہمی اور عباسی شہید اسپتال میں ٹیلی فون ایکسچینج کی فراہمی و تنصیب اور میڈیکل آکسیجن گیس /نائیٹرو آکسائیڈ گیس کی فراہمی کی توثیق اور منظوری، کراچی انسٹیٹیوٹ آف ہارٹ ڈیزیز اور محکمہ وہیکل بلدیہ عظمیٰ کراچی سے متعلق امور کی منظوری شامل تھی۔ اجلاس کے آغاز میں قائد ایوان اسلم شاہ آفریدی نے برسراقتدار اور حزب اختلاف ممبرا ن کی طرف سے ڈپٹی میئر سید ارشد حسن کو پہلی بار کونسل کی صدارت کرنے پر خوش آمدید کہا اور مبارکباد دی جبکہ مختلف اراکین کی طرف سے پیش کی گئی قراردادوں کے ذریعے سابق یوسی چیئرمین وقار احمد تنولی، ممبر کونسل زبیدہ اقبال کے والد، سابق یوسی ناظم رمضان سنگھار، ٹیسٹ کرکٹر عبدالقادر، صدارتی ایوارڈ یافتہ اداکار اور ہدایت کار عابد علی، اداکارہ ذہین طاہرہ کے انتقال پر رنج و غم کا اظہاراور پاک افغان سرحد پر جام شہادت پانے والے میجر عدیل شاہد اور دیگر شہداء کو خراج تحسین پیش کیا گیا اس کے علاوہ چیئرمین یوسی14- حاجی عبدالغفور کی صحت یابی کیلئے دعا کی گئی، اجلاس کی کارروائی کے دوران جن اراکین نے اظہار خیال کیا ان میں اسلم شاہ آفریدی، جنید مکاتی، حنیف میمن، عارف خان ایڈوکیٹ، کرم اللہ وقاصی اور دیگر شامل تھے