• Sun. Jun 29th, 2025

News Time HD TV

Ansar Akram

خیبر قومی جرگہ کے زیراہتمام یوم انضمام کو یوم سیاہ کے طور پر منایا گیا

Jun 1, 2021

احتجاجی ریلی میں خیبر قومی جرگہ کے چئیرمین ملک بسم اللہ خان، ملک خان محمد کھٹیاخیل،داود کھٹیاخیل،ملک نذر محمد، مسلم لیگ ن کے ملک سردار اعظم، فاٹا گرینڈ الائنس کے ملک صلاح الدین،پی پی پی خیبر کے صدر حضرت ولی آفریدی،جمعیت علماء اسلام کے سیدکبیر افریدی،ملک نجیب طورخیل،ملک ضراب۔ درہ آدم خیل سے ملک اکبر خان، ملک طماش شلمانی سمیت کثیر تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔احتجاجی ریلی جمرود تحصیل سے شروع ہوئی اور تاریخی مقام باب خیبر کے مقام پر جلسہ کی شکل اختیار کی، احتجاجی مظاہرین نے ہاتھوں میں سیاہ جھنڈے اٹھائے تھے جبکہ انضمام کے خلاف نعرے لگا رہے تھے۔ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ 31 مئی 2018 کو حکومت نے قبائیلیوں سے مشاورت لئے بغیر فاٹا کو صوبے میں ضم کردیا جو کہ بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے وعدے کی خلاف ورزی ہے۔ہمارے لئے انضمام قابل قبول نہیں ہے اسلئے کہ انضمام ہمارے رسم و رواج کے بالکل برعکس ہے۔مقررین نے کہا کہ انضمام کی وجہ سے قبائیلیوں کے مشکلات کم ہونے کے بجائے مزید بڑھ گئے ہیں، ہر طرف افراتفری کا عالم ہے، دشمنیوں اور دیگر تنازعات نے زندگی اجیرن کردی ہے، تعلیمی و صحت کے ادارے ویران پڑے ہیں، جرگہ سسٹم کی خاتمے سے زمینی تنازعات نے سر اٹھا دیا ہے،عدالتوں سے انصاف کے بجائے تاریخ پے تاریخیں مل رہی ہے، طلباء کے وظائف بندش کی بناء قبائیلی نوجوانوں نے تعلیم کو خیرآباد کہہ دیا ہے۔ مقررین نے حکومت سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ جبری طریقے سے مسلط کردہ غیر قانونی انضمام کے فیصلے کو فوری طور پر واپس لیا جائے اور ایف سی آر میں ترامیم کرکے نافذ کیا جائے یا الگ صوبہ دیا جائے۔