بہاولپور (نویداقبال چوہدری) دفتر میں منعقدہ اجلاس سے اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تعمیراتی محکموں کے افسران فیلڈ میں جا کر ترقیاتی سکیموں کا معائنہ کریں۔ اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ محبوب الہٰی کھر، ڈی جی پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی سمیرا ربانی، چیف ایگزیکٹو آفیسرز ہیلتھ ڈاکٹر محمد اقبال مکوال، سی ای او ایجوکیشن ظہور احمد چوہان اور تعمیراتی محکموں کے افسران موجود تھے۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ پائیدار ترقیاتی اہداف کے حصول پروگرام SAP-I کے تحت ضلع بھر میں لوکل گورنمنٹ اینڈکمیونٹی ڈویلپمنٹ، پبلک ہیلتھ انجینئرنگ، ہائی ویز، بلڈنگز اور دیگر محکموں کی263 سکیموں پر کام شروع کیا گیا۔447ملین روپے سے زائدکے ترقیاتی فنڈز جاری کیے گئے جن میں سے440 ملین روپے کے ترقیاتی فنڈز استعمال کیے جا چکے ہیں اور اب تک239 سکیمیں مکمل کر لی گئی ہیں جبکہ بقایا سکیمیں تکمیل کے مراحل میں ہیں۔ پائیدار ترقیاتی اہداف کے حصول کا پروگرامSAP-II کے تحت پی ڈبلیو ڈی، سوئی گیس، محکمہ صحت، تعلیم، ہائی ویز، پبلک ہیلتھ اور لوکل گورنمنٹ کمیونٹی ڈویلپمنٹ محکمہ جات کی204ترقیاتی سکیموں پر کام شروع کیا گیا۔ ان سکیموں کے لیے434ملین روپے سے زائد فنڈز جاری کیے گئے۔374.121 ملین روپے کے فنڈز ترقیاتی سکیموں پر استعمال کیے جا چکے ہیں اور اب تک115 ترقیاتی سکیمیں مکمل کر لی گئی ہیں جبکہ پائیدار ترقیاتی اہداف کے حصول کا پروگرام SAP-III کے تحت ضلع بھر میں 275 ترقیاتی اسکیموں پر کام شروع کیا گیا اور ان سکیموں کے لیے429.259ملین روپے کے فنڈز جاری کیے گئے ہیں۔ اس موقع پربتایا گیا کہ کمیونٹی ڈویلپمنٹ پروگرام CDP-II کے تحت ضلع بھر میں محکمہ لوکل گورنمنٹ اینڈ کمیونٹی ڈویلپمنٹ، پبلک ہیلتھ انجینئرنگ، ہائی ویز، بلڈنگز اور ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی کی100 ترقیاتی سکیموں پر کام شروع کیا گیا۔ ان سکیموں کے لیے1200ملین روپے سے زائد ترقیاتی فنڈز جاری کیے گئے جن میں سے 887 ملین روپے سے زائد ترقیاتی فنڈز استعمال کیے جا چکے ہیں اور اب تک 62 ترقیاتی سکیمیں مکمل کی جا چکی ہیں۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ تعمیراتی محکموں کے افسران فیلڈ میں جا کر ترقیاتی سکیموں کی باقاعدگی سے مانیٹرنگ کریں۔ اس سلسلہ میں کسی قسم کی سستی اور غفلت نہ برتی جائے۔