بہاولپور(نویداقبال چوہدری سے)پولیس کے شہداء ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں،ڈی پی او محمد فیصل کامران کی ہدایت پر اے ایس پی صدر سرکل اور ڈی ایس پی سٹی سرکل نے شہید کانسٹیبل اظہر اقبال کی برسی کو موقع پر ان کے گھر جاکر فیملی سے ملاقات کی، درجات کی بلندی کیلئے دعا اور تحائف پیش کیے۔
وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار اور انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب انعام غنی کی شہدائے پولیس اور ان کی فیملیز کی ویلفیئرسے متعلق پراجیکٹس کے پیش نظر ڈی پی او محمد فیصل کامران کی خصوصی ہدایات پر اے ایس پی صدر سرکل شاہزیب چاچڑ اور ڈی ایس پی سٹی سرکل اختر علی وینس نے شہید کانسٹیبل اظہر اقبال کی برسی کے موقع پر شہید کے گھر جا کر ان کی فیملی سے ملاقات کی، شہید کے درجات کی بلندی کیلئے خصوصی دعا کی اور محکمہ پولیس کی طرف سے تحائف پیش کیے۔ کانسٹیبل اظہر اقبال نے 29 جون سال 2009 کو تھانہ کوتوالی کے علاقہ میں جواں مردی سے ڈاکوؤں کا مقابلہ کرتے ہوئے جام شہادت نوش کیا تھا،پولیس افسران نے فیملی سے ان کے مسائل ڈسکس کیے، ویلفیئر کے حوالے سے تمام اقدامات اٹھانے کی یقین دہانی کرائی اورپہلے سے دی جانے والی محکمانہ سہولیات اور مراعات کا جائزہ لیا، اس موقع پر افسران نے فیملی سے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ شہید کی فیملی ہماری اپنی فیملی ہے، پولیس ڈیپارٹمنٹ کبھی کو آپکو اکیلا نہیں چھوڑے گا، شہید اظہر اقبال کا اس محکمہ پر قرض ہے جس کا نعم البدل نہیں ہو سکتا، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر محمد فیصل کامران کی طرف سے پیغام دیا کہ ضلعی کمانڈر ہونے کی حیثیت سے ڈی پی او آفس کے دروازے ہمیشہ آپکے لیے کھلے ہیں، آپکے تمام مسائل خواہ معاشی یا معاشرتی ان کو حل کرنا ہماری اولین ذمہ داری ہے، میں وقتا فوقتا اس بارے میں شہداء کی فیملیز کے حالات اور انکے مسائل پر نظر رکھتا ہوں تاکہ ان کو کبھی بھی عدم تحفظ کا احساس نہ ہو۔