ننکانہ صاحب:حکومت پنجاب کی خصوصی ہدایات پر ضلع ننکانہ صاحب میں ڈینگی سے بچاﺅ کے لیے کامیاب اقدامات کیے گئے ہیں جن کی بدولت انسدادی و احتیاطی صورت حال تسلی بخش ہے ۔ڈینگی کے حوالے سے محکمہ صحت کے افسران اور عملہ اپنی حاضری کو سو فیصد بنائیں اگر کوئی افسر یا عملہ غیر حاضر پایا گیا تو اس کے خلاف سخت محکمانہ کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔ ڈینگی کے مریضوں کی صحت کی جلد بحالی کے لیے طبی سہولیات کی فراہمی میں کوئی کسر نہ اٹھارکھی جائے۔ان خیالات کااظہار ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل) احمد کمال نے ڈینگی کے حوالے سے اعلی سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پرچیف ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹر شکیل احمد،تینوں تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز،محکمہ صحت کی تشکیل کردہ ڈینگی ٹیموں کے علاوہ محکمہ صحت کے افسران سمیت دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر(جنرل) احمد کمال نے کہا کہ ڈینگی لاروا کی افزائش روکنے کے لیے سرویلنس اور انسدادی اقدامات کے ساتھ ساتھ ڈینگی مچھر سے بچاﺅ کے لیے شہریوں میں زیادہ سے زیادہ آگاہی پیدا کریں جس کا سلسلہ دیہی اور دوردراز علاقوں تک وسیع کیا جائے۔ ضلع بھر میں انسداد ڈینگی مہم پر کامیابی سے عمل درآمد کے لیے تمام تر وسائل اور انتظامی مشینری کو محرک رکھا ہے اور ڈینگی کے مسئلے پر قابوپانا اولین ترجیح ہے اس ضمن میں وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کی طرف سے تمام اضلاع کی انتظامیہ محکمہ صحت اور دیگر متعلقہ محکموں کو سخت ترین ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل) احمد کمال نے کہا کہ ڈینگی کے کسی بھی مریض کے رپورٹ ہونے کی صورت میں اسکی رہائش کے قریبی تمام علاقے کی کیمیکل ٹریٹمنٹ کی جائے اور انشااللہ ڈینگی کو سر اٹھانے کا موقع نہیں دیا جائے گا جبکہ موسمی درجہ حرارت میں کمی سے بھی ڈینگی کا مسئلہ قابو میں رہے گا انہوں نے شہریوں سے کہا کہ وہ احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے گھروں میں مچھروں کا داخلہ بند کرنے کے انتظامات کریں اور رات کو سوتے وقت مچھردانی لگانے کے علاوہ مچھر بھگاﺅ لوشن اور کوائل کا استعمال کریں جبکہ صفائی ستھرائی کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ پودوں کے گملوں وغیرہ میں پانی کھڑا نہ ہونے دیں۔. . . .
رپورٹ بیوروچیف
شمع وقاص رحمانی
ننکانہ صاحب
NEWS Time