کراچی (نمائندہ خصوصی) نیشنل سٹیڈیم کراچی میں سری لنکا کے ساتھ ون ڈے سیریز کے انعقاد پر پاکستانی کھلاڑیوں نے بے حد خوشی کا اظہار کیا ہے اور کپتان سرفراز احمد نے اس تاریخی موقع کو اپنی زندگی کا اہم موڑ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اپنے گھر یعنی کراچی میں قومی ٹیم کی قیادت کرنے پر بے حد خوش ہیں۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے جاری ہونے والی پریس ریلیز کے مطابق سرفراز احمد نے کہا کہ انہیں اپنے گھر یعنی کراچی میں سری لنکا کے ساتھ ہونے والی اہم ون ڈے سیریز میں قومی ٹیم کی قیادت کرنے کا موقع ملا ہے اور امید ہے کہ شہریوں کی بڑی تعداد ان مقابلوں کو دیکھنے کیلئے آئے گی۔
انہوں نے کہا کہ انہیں جمعے کے دن کا بے صبری سے انتظار ہے کیونکہ یہ دن ان کیلئے ایک انتہائی یادگار دن ہوگا اور انہیں یقین ہے کہ وہ جب واپس جائیں گے تو ان کے پیچھے ایک بہت بڑا مجمع ہوگا جو نہ صرف ان کیلئے خوشی کا اظہار کرے گا بلکہ یہ دونوں ملکوں کیلئے بھی مسرت کا باعث ہوگا۔
سرفراز احمد نے کہا کہ کسی بھی کھیل اور کھلاڑیوں کیلئے اس کے پرستار ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں۔ اپنے مداحوں کی جانب سے ملنے والی محبت ان میں نئی روح اور توانائی پھونک دیتی ہے جس کے باعث ہر کھلاڑی کی کوشش ہوتی ہے کہ وہ اپنے کیریئر کی بہترین کارکردگی کامظاہرہ کرے۔
انہوں نے کراچی کے شہریوں اور کرکٹ مداحوں سے اپیل کی کہ وہ اس تاریخی موقع پر اپنی بھرپور شرکت کو یقینی بنائیں تاکہ وہ اپنی آنے والی نسل کو بتاسکیں کہ نیشنل سٹیڈیم میں برسوں بعد جب ایک انٹرنیشنل سیریز کھیلی جارہی تھی تو وہ اس تاریخی لمحات کا حصہ تھے۔