سیول(نمائندہ خصوصی) پچھلے کئی مہینوں سے خبروں میں رہنے والی کوریا میں تعینات بیلجیئم کے سفیر کی بیوی کی نئی غیر اخلاقی حرکت کی وجہ سے بالآخر بیلجیم کے سفیر کو کوریا چھوڑنا پڑ گیا ہے۔ اسی سال اپریل کے مہینے میں بیلجیئم کے سفیر کی بیوی نے ایک کپڑے کی دکان پر کام کرنے والی ملازمہ کو تھپڑ مارے تھے اور CCTV کی مدد سے جرم ثابت ہونے کے باوجود سفارتکاروں اور ان کے اہل خانہ کے لئے خصوصی استثنیٰ کی وجہ سے اسے کوئی سزا نہیں دی گئی تھی۔ لیکن کچھ دن پہلے دارالحکومت سیول میں موجود ایک پارک میں صفائی کرنے والی ملازمہ سے بیلجیم کے سفیر کی بیوی نے صرف اس بات پر بحث مباحثہ اور ہاتھا پائی کی کہ صفائی کرتے وقت اس کا جھاڑو غلطی سے اُسے چُھو گیا تھا۔ بیلجیم کی وزیر خارجہ سوفی ویلمیس نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ بیلجیم اور کوریا کے بہت اچھے سفارتی تعلقات ہیں اور یہ تعلقات ہم مستقبل میں بھی برقرار رکھنا چاہتے ہیں لیکن اس طرح کی حرکتوں کو مزید برداشت نہیں کیا جا سکتا جس کی وجہ سے ہم اپنے سفیر کو تبدیل کرنے کے ارادے سے موجودہ سفیر کو واپس اپنے ملک بھجوا رہے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق بیلجیئم کے سفیر اپنے اہل خانہ کے ساتھ کوریا چھوڑ گئے ہیں۔