ساہیوال( خاورعلی چوہدری سے)کمشنر ساہیوال ڈویژن علی بہادر قاضی نے عوام پر زور دیا ہے کہ وہ کورونا وائرس سے تحفظ کیلئے ویکسینیشن ضرور کروائیں۔ محکمہ صحت کی فیلڈ ٹیمیں ڈویژن کے تمام مراکز صحت پر موجود ہیں جن سے 18سال سے زائد عمر کا کوئی بھی شہری شناختی کارڈ دکھا کر ویکسین لگوا سکتا ہے۔ 31اگست تک 40فیصد آبادی کو ویکسین لگانے کا ٹارگٹ حاصل کرنے کے لئے کوششیں تیز کر دی گئی ہیں تاکہ اس مہلک وائرس سے عوام کو محفوظ کیا جا سکے۔ وہ یہاں اپنے دفتر میں کورونا ویکسینیشن لگانے کے پروگرام کے جائزہ اجلاس سے خطاب کر رہے تھے جس میں تینوں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز بابر بشیر، کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز اور رانا شکیل اسلم، ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن شفیق احمد ڈوگر، ڈائریکٹر ہیلتھ ڈاکٹر صادق سلیم کمبوہ اور سی ای او ہیلتھ نے بھی شرکت کی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ اس اہم مہم میں لیڈی ہیلتھ ورکرز، محکمہ صحت کے فیلڈ سٹاف، نمبرداروں اور معاشرے کے با اثر طبقات کی خدمات بھی حاصل کی جا ئیں۔ ڈائریکٹر ہیلتھ ڈاکٹر محمد صادق سلیم کمبوہ نے بتایا کہ ساہیوال ڈویژن میں 18سال سے زائد 42لاکھ 74ہزار افراد ویکسین لگوانے کے اہل ہیں جن میں سے اب تک 5لاکھ93ہزار افراد کو ویکسین لگائی جا چکی ہے جبکہ ایک دن میں 29ہزار 8سو افراد کو ویکسین لگائی گئی۔ کمشنر علی بہادر قاضی نے ضلعی انتظامیہ اور محکمہ صحت کے افسران کو ہدایت کی کہ تمام سنٹرز پر ویکسین کی دستیابی اور اسکی کولڈ چین کو برقرار رکھنے کو بھی ہر صورت یقینی بنایا جائے۔