بہاولپور(نویداقبال چوہدری سے)ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر محمد فیصل کامران نے عید کے دوسرے روز عوام کی حفاظت اور جرائم کی روک تھام کیلئے اسپیشل پٹرولنگ پلان تشکیل دیا۔ تفریحی مقامات کی سیکیورٹی اور شاہراہوں پر آمدورفت میں اضافے کے ساتھ ہی ہمیں پولیس ڈیوٹی بھی الرٹ اور زیادہ لگن سے کرنے کی ضرورت ہے۔ افسران اس موقع پر عوام کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آئیں۔ ڈی پی او
انسپکٹر جنرل آف پولیس پنجاب انعام غنی اور ایڈیشنل انسپکٹر جنرل پولیس جنوبی پنجاب کیپٹن (ر) ظفر اقبال اعوان کی عیدالاضحی بارے سیکیورٹی ہدایات کے پیش نظر ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر محمد فیصل کامران نے عید کے پہلے روز بہترین سیکیورٹی انتظامات کی طرز پر دوسرے روز تفریحی مقامات اور شاہراہوں پر عوام کی آمد ورفت کو مدنظر رکھتے ہوئے اسپیشل پٹرولنگ پلان تشکیل دیا۔ ڈسٹرکٹ پولیس، ایلیٹ فورس، ڈولفن اسکواڈ، محافظ اسکواڈ اور ٹریفک پولیس کو خصوصی طور پر پٹرولنگ کرنے اور مشکوک افراد کی سنیپ چیکنگ کے حوالے سے ہدایات جاری کیں ۔اس موقع پر باہمی تصادم اور لڑائی جھگڑوں کا اندیشہ زیادہ ہونے کی وجہ سے ریسکیو 15 کی کال پر فوری ریسپانس کرنے کے احکامات دیے۔ ایس ڈی پی اوز اور ایس ایچ اوز اپنی ٹیمز کو چیک کرنے کے بعد ڈسٹرکٹ کنٹرول اور آفیشل نمبر پر نوٹ کروائیں گے۔ ڈی پی او محمد فیصل کامران نے اس موقع پر افسران کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ عید کے پہلے دن پولیس نے ذمہ داری کیساتھ اپنے فرائض سرانجام دئیے جو قابلِ تحسین ہے۔ بہتر پیٹرولنگ اور اپنی واضح موجودگی سے کرائم اور کسی بھی نا خوشگوار واقع کی روک تھام کی جاسکتی ہے۔ پولیس افسران عوام کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آئیں۔ اس شہر کے امن و امان اور اس جرائم کے خاتمے کی ذمہ داری اللّٰہ نے ہمیں سونپی ہے اور انشاأللّٰہ ہم سب مل کر اسے ایمانداری، محنت اور لگن سے نبھائیں گے۔