کراچی (نمائندہ خصوصی) ایک لمبے وقفے کے بعد پاکستان میں عالمی کرکٹ کے دروازے مکمل طور پر کھل گئے ، آج پاکستان اور سری لنکن کرکٹ ٹیمیں پہلا ایک روزہ میچ کراچی میں کھیلیں گی۔
پاکستان اور سری لنکا کے مابین تین ون ڈے میچز کی سیریز کے تمام میچز کراچی ہوں گے۔ سیریز کا پہلا میچ پاکستانی وقت کے مطابق سہہ پہر تین بجے کھیلا جائے گا۔ 10 سال کے طویل انتظار کے بعد پاکستان میں کرکٹ کے میدان آباد ہونے پر شائقین کرکٹ بھی انتہائی پرجوش ہیں اور اپنے پسندیدہ کھلاڑیوں کو ہوم گراﺅنڈ پر کھیلتے ہوئے دیکھنے کیلئے بے تاب ہیں۔ دوسری جانب پاکستان کرکٹ ٹیم کے کئی ستارے بھی ایسے ہیں جو پہلی بار ہوم سیریز کھیلنے جارہے ہیں۔
پاکستان اور سری لنکن ٹیموں کے مابین ون ڈے سیریز کا دوسرا میچ 29 ستمبر اور تیسرا ایک روزہ میچ 2 اکتوبر کو کراچی میں کھیلا جائے گا۔ دونوں ٹیموں کے مابین 3 ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز بھی کھیلی جائے گی ۔ مختصر ترین فارمیٹ کے یہ تینوں میچز لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔