بہاول پور (نویداقبال چوہدری سے)اربن یونٹ لاہور نے چولستان کے ماسٹر پلان کی تیاری شروع کر دی ہے۔
اس سلسلے میں اربن یونٹ لاہور کی چار ٹیموں نے چولستانی علاقہ جات کا سروے بھی شروع کر دیا ہے۔ ماسٹر پلان کی تیاری کے لئے حکومت پنجاب نے 33لاکھ روپے مختص کر دیئے ہیں جس میں پانی، تعلیم، صحت، سیاحت، آثار قدیمہ، تاریخی ورثہ، لائیو اسٹاک، زرعی زمین کا استعمال، ہاؤسنگ، ذرائع آمد و رفت، ماحولیات، چولستان ترقیاتی ادارہ، بہاول پور کی تنظیم نواور استعداد کار کی بہتری کے منصوبہ جات شامل ہیں۔ مزید یہ کہ اربن یونٹ لاہور سال 2025ء تک کم مدتی، سال 2035ء تک درمیانی مدت کے اور سال 2050ء تک وسیع المدتی منصوبہ جات سے متعلق چولستان ترقیاتی ادارہ و دیگر متعلقہ محکمہ جات کی مشاورت سے PC-1تیار کرے گا۔ اس سلسلہ میں اربن یونٹ کی ٹیم نے چیف آپریٹنگ آفیسراربن یونٹ عابد حسینی کی سربراہی میں منیجنگ ڈائریکٹر چولستان ترقیاتی ادارہ ڈاکٹر سیف اللہ بھٹی سے ان کے دفتر میں ملاقات کی اور چولستان ماسٹر پلان کے حوالہ سے مشاورت اور معلومات کا تبادلہ کیا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر ایڈمن/فوکل پرسن آصف محمود، ڈائریکٹر ریونیو اینڈ کالونیز مشتاق حسین، ایگزیکٹیو انجینئر ملک اعجاز اختر مہتاب، ایگزیکٹیو انجینئر وقاص محمد دین اور سب ڈویژنل آفیسر/فوکل پرسن چولستان ترقیاتی ادارہ بہاول پور امتیاز حسین لاشاری موجود تھے۔ملاقات کے موقع پر چیف آپریٹنگ آفیسر اربن یونٹ لاہور عابد حسینی نے منیجنگ ڈائریکٹر ڈاکٹر سیف اللہ بھٹی کو ”MAP BOOK OF THE PUNJAB“پیش کی۔
اربن یونٹ لاہور نے چولستان کے ماسٹر پلان کی تیاری شروع کر دی ہے
