ممبئی (نمائندہ خصوصی) بھارتی گلوکار یو یو ہنی سنگھ نے اپنی بیوی کی جانب سے لگائے جانے والے سنگین الزامات پر اپنا رد عمل جاری کردیا۔
اپنے بیان میں ہنی سنگھ نے کہا کہ ماضی میں ان پر بہت سے معاملات پر تنقید کی گئی لیکن انہوں نے کبھی رد عمل کا اظہار نہیں کیا اور نہ ہی کوئی بیان جاری کیا ہے لیکن یہ ایک ایسا معاملہ ہے جس میں ان کی 20 سال کی رفیقہ اور بیوی نے ان کے اہل خانہ پر سنگین الزامات لگائے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ان پر اور ان کے بوڑھے والدین اور چھوٹی بہن پر لگائے جانے والے الزامات بے بنیاد ہیں۔ وہ گزشتہ 15 برس سے انڈسٹری میں کام کر رہے ہیں اور سب لوگ جانتے ہیں کہ ان کا اپنی بیوی کے ساتھ رشتہ کیسا ہے۔ گزشتہ ایک دہائی سے ان کی بیوی ان کی ہر میٹنگ اور شوٹنگ کا حصہ رہی ہے۔
ہنی سنگھ نے کہا کہ وہ تمام الزامات کا انکار کرتے ہیں لیکن معاملہ عدالت میں ہونے کے باعث اس بارے میں زیادہ بات نہیں کریں گے۔ انہیں بھارت کے جوڈیشل سسٹم پر پورا بھروسہ ہے اور انہیں اس بات کا یقین ہے کہ جب عدالت دونوں اطراف کو سنے گی تو سچ سامنے آجائے گا۔
خیال رہے کہ ہنی سنگھ کی اہلیہ شالنی تلوار نے ان پر اور ان کے اہل خانہ پر تشدد کے الزامات عائد کرتے ہوئے دلی کی عدالت سے رجوع کر رکھا ہے۔
بیوی کے سنگین الزامات، گلوکار ہنی سنگھ نے خاموشی توڑ دی، بیان جاری کردیا
