ساہیوال( خاورعلی چوہدری سے )کمشنر ساہیوال ڈویژن علی بہادر قاضی نے کہا ہے کہ عوامی مسائل حل نہ کرنے والے افسران اور اہلکاروں کو قطعی برداشت نہیں کیا جائے گا اور ان کی ڈویژن میں کوئی جگہ نہیں۔ ہر سرکاری ملازم کی بنیادی ذمہ داری عام آدمی کو ریلیف فراہم کرنا ہے جس میں کوئی کوتاہی نہیں کی جانی چاہئے۔ وہ یہاں ڈپٹی کمشنر آفس میں اسسٹنٹ کمشنر آفس، رجسٹری برانچ، جی اے آر آفس، کالونی اسسٹنٹ آفس اور اراضی ریکارڈ سنٹر کا اچانک معائنہ کر رہے تھے جس دوران انہوں نے وہاں موجود سائلین سے ان کے مسائل کے بارے میں آگاہی حاصل کی اور متعلقہ دفاتر کو انہیں ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کا حکم دیا۔ ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن شفیق احمد ڈوگر اور اے ڈی سی آر محمد عدنان زاہد بھی ان کے ہمراہ تھے۔ انہوں نے کہا کہ کام نہ کرنے والے اہلکاروں کو ھرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔ ہر ملازم اپنی ذمہ داری ایمانداری سے پوری کرے اور عوامی شکایات پر فوری ایکشن لے تاکہ مسائل فوری حل ہوں۔ دورے کے دوران اسسٹنٹ کمشنر، جی اے آر اور کالونی اسسٹنٹ اپنے دفاتر میں موجود نہیں تھے جس پر کمشنر علی بہادر قاضی نے ناراضگی کا اظہار کیا اور کہا کہ فیلڈ وزٹ کے نام پر دفاتر سے غیر حاضر ی برداشت نہیں۔ آفیسرز فیلڈ وزٹ دفتری اوقات کار کے بعد کریں تاکہ دوردراز سے آئے ہوئے سائلین کو گھنٹوں انتظار نہ کرنا پڑے۔ انہوں نے رجسٹری برانچ میں آئے ہوئے سائلین سے بھی بات چیت کی اور انہیں درپیش مسائل سنے۔ بعد ازاں کمشنر علی بہادر قاضی اراضی ریکارڈ سنٹر گئے ان کی موجودگی پر لاتعداد سائلین اکھٹے ہوگئے اور انہیں درپیش مشکلات سے آگاہ کیا۔ کمشنر نے غیر قانونی ہاوسنگ سوسائٹیوں کی پلاٹ ٹرانسفر پر پابندی کے باوجود ٹرانسفر کرنے کی شکایات کا سخت نوٹس لیا اور سنٹر انچارج سے وضاحت طلب کرلی۔ انہوں نے آنے والے سائلین کے مسائل فوری حل کرنے اور بار بار سنٹر کے چکر نہ لگوانے کی سختی سے ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان احمد بزدار اور چیف سیکرٹری کی سخت ہدایات ہیں کہ کام نہ کرنے والے اور اہلکاروں کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے اور ان ہدایات پر من و عن عمل کرایا جائے گا۔