ساہیوال( خاورعلی چوہدری سے)کمشنر ساہیوال ڈویژن علی بہادر قاضی کا سرکاری محکموں کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے لئے اچانک دوروں کا سلسلہ جاری۔ سی ای او ایجوکیشن اور ڈی او ایلیمنٹری سکولز آفسز کا دورہ۔ سی ای او آفس میں تعینات ڈپٹی ڈائریکٹر فنانس محمد شاہد کو ان کے محکمے میں واپس بھیجنے کا حکم۔ ایلیمنٹری سکولز آفس میں تعینات اے ای او محمد عدیل اور کلرک راؤ شمیم کو ناقص کارکردگی پر شفٹ کرنے کی ہدایت۔ اساتذہ کی پروموشن کے لئے ورکنگ پیپر اور اے سی آرز جلد مکمل کی جائے، کمشنر کا تاخیر پر اظہار ناراضگی۔تفصیلات کے مطابق کمشنر ساہیوال ڈویژن علی بہادر قاضی نے سرکاری محکموں کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے لئے محکمہ ایجوکیشن کے دفاتر کا معائنہ کیا۔ وہ سی ای او ایجوکیشن اور ڈی او ایلیمنٹری سکولز کے دفاتر گئے۔ ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن شفیق احمد ڈوگر بھی ان کے ھمراہ تھے۔ سی ای او ایجوکیشن ڈاکٹر محمد ارشد اور ڈی او ایلیمنٹری فوزیہ اعجاز نے اپنے اپنے دفاتر کی کارکردگی بارے بریفنگ دی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ انتظامی دفاتر کا عملہ اساتذہ کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرے اور ان کی پروموشن کے کیسز اور اے سی آرز کو جلد مکمل کیا جائے تاکہ انہیں ترقی دی جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ پروموشن ہر ملازم کا حق ہے جس میں تاخیر ی حربے استعمال کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ انہوں نے ناقص کارکردگی پر اے ای او محمد عدیل اور کلرک راؤ شمیم کو ڈی ای اوایلیمنٹری کے دفاتر سے شفٹ کرنے اور ڈپٹی ڈی او ایلیمنٹری کو دفتر تاخیر سے آنے پر وارننگ لیٹر دینے کی ہدایت کی۔ انہوں نے دونوں دفاتر میں تعینات عملے کی حاضری بھی چیک کی۔ بعد ازاں کمشنر علی بہادر قاضی نے گورنمنٹ گرلز پائلٹ سکینڈری سکول اور گورنمنٹ بوائز ھائی سکو ل کا دورہ کیا۔ وہ مختلف کلاسز میں بھی گئے اور گورنمنٹ پائلٹ سکینڈری سکول میں کلاس تھرڈ کی طلبہ عرفہ اور گورنمنٹ ھائی سکول کی کلاس نہم میں طالب علم محمد طارق سے پڑھائے جانے والے ٹاپک سے متعلقہ سوالات کئے۔ کمشنر نے سی ای او ایجوکیشن ڈاکٹر محمد ارشد کو ہدایت کی کہ انتظامی دفاتر میں تین سال سے زائد تعینات تمام اہلکاروں کو شفٹ کیا جائے اور ان کی جگہ نیا عملہ تعینات کیا جائے تاکہ اساتذ ہ کی شکایات دور کی جا سکیں۔ انہوں نے دفاتر میں صفائی پر خصوصی توجہ دینے کی بھی ھدایت کی۔