• Sun. Jun 29th, 2025

News Time HD TV

Ansar Akram

چائنا قونصل جنرل کے اعزاز میں الوداعی ظہرانہ دیا گیا

Sep 28, 2019

کراچی(غلام مصطفے عزیز) آئی جی سندھ ڈاکٹر سید کلیم امام نے چائنا قونصل جنرل وانگ یو (wang Yu) کے اعزاز میں سینٹرل پولیس آفس کراچی میں الوداعی ظہرانے کا اہتمام کیا۔ اس موقع پر سینئر پولیس افسران بھی موجود تھے۔ سینترل پولیس آفس کراچی آمد پر آئی جی سندھ ودیگرسینئر پولیس افسران نے قونصل جنرل چائنا کا استقبال کیا۔ جمعہ کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق اس موقع پر آئی جی سندھ نے کہا کہ پاکستان میں بحیثیت چائینیز قونصل جنرل وینگ یو کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، ان کے تین سالہ دور میں انہوں نے ہمیں چائینیز کلچر، چائنا کی معیشت اور اقتصادی ترقی کے میدانوں میں چائینیز قوم کی جہد مسلسل اور کامیابیوں کے سفر سے روشناس کیا۔ آئی جی سندھ نے کہا کہ بلاشبہ چائنا ایک عظیم ملک ہے اور اس کے باشندگان کا شمار دنیا کی عظیم ترین قوموں میں کیا جاتا ہے، ان کی اپنے وطن اور اپنے وطن کے دوست ممالک سے محبت دیدنی اور بے مثال ہے۔ اس موقع پر چائنا قونصل جنرل نے اپنے اعزاز میں دیئے گئے الوداعی ظہرانے پر آئی جی سندھ اور سندھ پولیس کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ بحیثیت قونصل جنرل چائنا،پاکستان اور باالخصوص سندھ میں گذارے گئے تین سال میری زندگی کے یادگار ترین لمحات ہیں، پاکستان اور خصوصاً سندھ کے عوام کا خلوص اور محبت مجھے ہمیشہ یاد رہے گا، یہاں کی ثقافت نے مجھے بہت زیادہ متاثر کیا ہے۔ انہوں نے اس موقع آئی جی سندھ اور سندھ پولیس کے دیگر افسران سے اپنے بہترین روابط کا بھی تفصیلی احاطہ کیا اور سندھ پولیس کی پیشہ ورانہ صلاحیت اور مہارت کی تعریف کی۔ آئی جی سندھ نے سندھ پولیس کی جانب سے چائنا قونصل جنرل کو یادگاری شیلڈ دی اور انھیں الوداع کہتے ہوئے نیک تمناں کا اظہار کیا۔