• Fri. Apr 19th, 2024

وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ اور ورلڈ بینک کے کنٹری ڈائریکٹر کی ملاقات

Sep 28, 2019

کراچی(غلام مصطفے عزیز )وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ اور ورلڈ بینک کے کنٹری ڈائریکٹر پیتھامیتھو الانگوان نے سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ اتھارٹی کو مزید موثر بنانے کے لئے مل کر کام کرنے اور دیہی معیشت کو بہتر بنانے کے لیے کاشتکاری کے طریقوں میں بھی تبدیلی متعارف کرانے پر آمادگی ظاہر کی گئی۔ جمعہ کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق یہ فیصلہ وزیراعلی ہائوس میں ہونے والی ملاقات میں کیا گیا۔ اجلاس میں چیئرپرسن پی اینڈ ڈی ناہید شاہ ، وزیراعلی سندھ کے پرنسپل سیکریٹری ساجد جمال ابڑو نے شرکت۔ وزیراعلی سندھ نے کہا کہ سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ اتھارٹی (ایس اسی ڈبلیو ایم اے) قائم کی گئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایک نئی باڈی ہے اور اس کے استعدادکار میں اضافے کی ضرورت ہے تاکہ یہ سائنسی بنیادوں پر بہترین کارکردگی کے ساتھ کام کرسکے۔ ورلڈ بینک کے کنٹری چیف نے کہا کہ وہ سندھ حکومت کے پاس سالڈ ویسٹ مینجمنٹ ایکسپرٹ بھیجیں گے اور پی اینڈ ڈی کے ذریعے اتھارٹی کی گنجائش کو بہتر بنانے کے لیے ایک تفصیلی پلان ترتیب دیا جائے گا تاکہ سالڈ ویسٹ کے ڈسپوزل کی کارکردگی اور مینجمنٹ بھی بہتر ہوسکے مگر اسے ایک خود اختیار ادارہ بنانا ہوگا۔ اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا کہ سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ اتھارٹی کے استعدادکار میں اس طرح سے اضافہ کیا جائے گا کہ یہ مختلف مراحل میں سندھ بھر میں کام کرسکے۔ پہلے مرحلہ میں یہ ڈویزل ہیڈکوارٹرز میں کام شروع کریں گے اور اسکے بعد ضلعی ہیڈکوارٹرز۔ وزیراعلی سندھ نے کہا کہ ہمارے آبادگار روایتی فصلوں کی کاشت کرر ہے ہیں اور میں چاہتا ہوں کہ انکے کاشتکاری کے طریقوں میں بڑے پیمانے پر تبدیلی متعارف کراں تاکہ لو ڈیلٹک فصلیں زیادہ پیداوار حاصل کرسکیں۔ انہوں نے کہا کہ اس سے دیہی معیشت بہتر ہوگی۔ مراد علی شاہ نے کہا کہ چھوٹے آبادگاروں کے لیے ایک علحدہ کاشتکاری کا نظام بھی ڈیولپ کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ہم ان کی آمدنی کو باغات کم نقد فصلوں میں تبدیل کرکے انکی آمدنی کو بہتر بناسکتے ہیں۔ ورلڈ بینک کے کنٹری ڈائریکٹر پیتھامیتھو الانگوان نے کہا کہ وہ یہاں اپنے ساتھ گلوبل ایگریکلچرل ایکسپرٹ لائیں گے اور انکی محکمہ زراعت اور پی اینڈ ڈی کے ماہرین کے ساتھ اجلاس منعقد کرائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وہ مراحل میں عملدرآمد کے لیے ایک منصوبہ تیار کریں گے۔ وزیراعلی سندھ نے کہا کہ صوبائی حکومت مختلف اضلاع بشمول تھر میں ماں اور بچہ کی صحت اور غذائیت کے پروگرام پر کام کررہی ہے ۔ اس پروگرام کے اچھے نتائج سامنے آئے ہیں۔ ورلڈ بینک کی ٹیم جلد آئے گی اور سندھ حکومت کے متعلقہ افسران کے ساتھ اجلاس منعقد کرے گی تاکہ زراعت اور سالڈ ویسٹ مینجمنٹ سیکٹرز میں اصلاحات لائی جا سکیں۔