بہاول پور (نویداقبال چوہدری سے)پاکستان پیپلزپارٹی ڈویژن بہاول پور کے سیکرٹری اطلاعات ملک شاہ محمد چنڑ نے کہا ہے کہ لاہور میں احتجاجی ینگ ڈاکٹروں پر مرچوں والے کیمیکل اسپرے کا استعمال آمرانہ،ظالمانہ و بزدلانہ ہتھکنڈہ اور باعث شرم اقدام ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔
انہوں نے کہاکہ پنجاب حکومت ینگ ڈاکٹرز کے جائز مطالبات ماننے کی بجائے ان کی آواز کو لاٹھی گولی کی سرکار کے ظلم و ستم اور طاقت کے ذریعے دبانا چاہتی ہے جو انتہائی غیرجمہوری ، ظالمانہ و آمرانہ رویہ ہے جو پاکستان پیپلزپارٹی جیسی عوامی و جمہوری جماعت اور ذی شعور قوم کے لیے انتہائی ناقابل برداشت ہے ۔انہوں نے کہاکہ کورونا کی وباء کے دوران ڈاکٹرز کی خدمات کو سراہنے اور انکی حوصلہ افزائی کرنے کی بجائے ان پر ظلم و تشدد” تخت بنی گالا” اور پنجاب حکومت کا مشترکہ سیاہ کارنامہ ہے جسے قوم ہرگز نہیں بھلا پائے گی۔انہوں نے کہاکہ نااہل حکمرانوں کی جانب سے نہتے مسیحاوُں سے مذاکرات کی بجائے ان پر بزدلانہ طاقت کے استعمال نے بدترین آمرانہ دور کی یاد تازہ کر دی ہے اور محسن کش عمران نیازی اور انکے ریموٹ کنٹرول وزیراعلیٰ نے اپنے حقوق کے لیے آواز بلند کرنے والے ان ینگ ڈاکٹرز پر ظالمانہ و آمرانہ ہتھکنڈے استعمال کروا دیے ہیں جن میں اکثر ماضی میں مریضوں کو چیک کرتے وقت بھی نسخوں پر پی ٹی آئی کو ووٹ دینے کا لکھتے و تاکید کرتے رہے ہیں اب ہر مکتبہ فکر کے سامنے اقتدار کے بچاری عمران نیازی کا عوام دشمن مکروہ چہرہ بے نقاب ہو چکا ہے ۔انہوں نے کہاکہ پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے تحریک انصاف کے ظالم و جابر حکمرانوں کو متنبہ کیا ہے کہ وہ ینگ ڈاکٹرز پر ظلم و ستم کرنا فوراً بند کریں اور تشدد کی بجائے مذاکرات کے ذریعے انکے جائز مطالبات فوری تسلیم کریں ورنہ پاکستان پیپلزپارٹی ینگ ڈاکٹرز اور سول سوسائٹی کے ساتھ مل کر احتجاج کی راہ پر گامزن ہو کر کٹھ پتلی وزیراعظم عمران نیازی اور وزیراعلیٰ بزدار کو پویلین کی راہ دیکھا دے گی۔