لاہور(نمائندہ خصوصی ) صوبائی دارالحکومت سمیت پنجاب میں آج سے کورونا ویکسین نہ لگوانے والے شہریوں کو پیٹرول کی فراہمی بند کردی گئی ۔
نجی ٹی وی جیو نیوز کے مطابق صوبے میں آج سے ویکسین نہ لگوانے والے افراد کو ٹرانسپورٹ میں بھی جگہ نہیں دی جائے گی جبکہ شہری ریسٹورنٹ سے کھانابھی نہیں لے سکیں گے۔
خیال رہے کہ وفاقی حکومت نے ویکسین کے لیے عمر کی حد کم کر کے 17 سال کر دی ہے جس کے پیش نظر آج سے 17 سال کے نوجوانوں کو بھی ویکسین لگائی جا سکے گی۔
دوسری جانب ملک بھر میں بیرون ممالک جانے والے 12 سال اور زائد عمر کے افراد کو آج سے کورونا ویکسین کی بوسٹر ڈوز لگائی جائے گی۔