بہاول پور (نویداقبال چوہدری سے)پاکستان پیپلزپارٹی ڈویژن بہاول پور کے سیکرٹری اطلاعات ملک شاہ محمد چنڑ نے کہا ہے کہ چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری کی سرزمین جنوبی پنجاب آمد کی خبر نے تخت بنی گالا اور ایوان وزیراعلیٰ میں کھبلی مچا دی ہے کیونکہ تبدیلی سرکار کی تین سالہ مایوس کن کارکردگی کی بدولت بیساکھیوں کے سہارے براجمان حکمرانوں کے خلاف پیپلزپارٹی نے طبل جنگ بجا دیا ہے اس لیے مارے گھبراہٹ کے کٹھ پتلیوں کی ٹانگیں کانپ رہی ہیں۔
انہوں نے کہاکہ کٹھ پتلی وزریراعظم اور حکومتی وزیر مشیر ادھر ادھر کی ہانکنے کی بجائے اپنی تین سالہ شرم ناک کارکردگی کو مدنظر رکھتے ہوئے فوراً مستعفی ہو کر قوم کی جان چھوڑیں۔انہوں نے کہاکہ نااہل حکمران اپنی تین سالہ بھیانک و تباہ کن کارکردگی ،میگا کرپشن کے چرچے اور سیاہ کارنامے ذی شعور عوام سے اوجھل رکھنے کے لیے الیکٹرانک و پرنٹ میڈیا پر قدغن لگا کر اسے ریموٹ کنٹرول کے ذریعے چلانا چاہتے ہیں اور پاکستان میڈیا ڈیولپمنٹ اتھارٹی (پی ایم ڈی اے) آرڈیننس کا نفاذ اس سلسلے کی کڑی ہے جو حکومت کا پرنٹ، الیکٹرانک و سوشل میڈیا کی آزادی پر شب خون مارنے کے مترادف اور انتہائی بدنیتی پر مبنی اقدام ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔انہوں نے کہاکہ اس کالے قانون پر مشتمل آرڈیننس کو پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سمیت پبلشرز، صحافیوں، براڈکاسٹرز، ایڈیٹرز اور نیوز ڈائریکٹرز کی نمائندہ تنظیموں نے بھی بذات خود مسترد کر دیا ہے انہوں نے کہاکہ محب وطن اور حقیقی جمہوری جماعت پاکستان پیپلزپارٹی کی قیادت اور کارکنان وطن عزیز پاکستان میں میڈیا کو کنٹرول کرنے ،عوام کو جاننے کے حق کو کم کرنے کی اس ظالمانہ کاوش کو بے نقاب کرنے کے ساتھ عوامی شعور کو ہر صورت بیدار کریں گے اور پی ایم ڈی اے کے قیام کی ہر سطح پر مزاحمت بھی کی جائے گی۔علاوہ ازیں ملک شاہ محمد چنڑ نے وفاقی حکومت کی جانب سے سرکاری ملازمین کے سوشل میڈیا کے استعمال پر پابندی کو آزادی اظہار رائے پر کاری وار قرار دیا ہے اور سرکاری ملازمین پر فیس بک، انسٹاگرام، واٹس ایپ اور ٹوئٹر سمیت سوشل میڈیا کی کوئی بھی ایپلی کیشن استعمال کرنے پر پابندی کو آمرانہ سوچ کی عکاس اور بدحواس حکمرانوں کی گھبراہٹ قرار دیا ہے ۔