لاہور(نمائندہ خصوصی)پاکستان ورلڈ کپ کے مقابلوں میں کبھی بھی بھارت کو شکست نہیں دے سکا تاہم اس بارکپتان بابر اعظم قومی ٹیم کی جیت کے لیے پر امید ہیں لیکن پاکستانی بلے باز امام الحق نے حیران کن اعتراف کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاک بھارت ٹاکرے کے دوران بھارت کے پاس پریشر برداشت کرنے والے تجربہ کار کھلاڑی ہیں ۔
ایک انٹر ویو میں انہوں نے کہا کہ ہم بھارت کے ساتھ باہمی سیریز نہیں کھیلتے،پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ ہمیشہ بڑا ہوتا ہے۔امام الحق نے اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان یا تو ورلڈ کپ ناک آوٹ یا پھر گروپ سٹیج کے دوران میچ ہوتا ہے،اس دوران پاکستان کے نوجوان کھلاڑیوں کو پریشر کا سامنا کرنے میں مشکلات پیش آتی ہیں جبکہ بھارتی ٹیم کے پاس تجربہ کار کھلاڑی موجود ہیں جو کہ پریشر والی صورتحال کااچھے طریقے سے مقابلہ کرتے ہیں ۔
واضح رہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ رواں سال اکتوبر میں شروع ہو گا جس میں پاک بھارت ٹاکر ا 24اکتوبر کو ہو گا ۔
ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پاک بھارت ٹاکرے سے قبل امام الحق نے بڑا اعتراف کرلیا
