• Sun. Jun 29th, 2025

News Time HD TV

Ansar Akram

وزیراعظم عمران خان کی جنرل اسمبلی میں تقریر سے بھارت بوکھلا گیا، بھارتی وزیر دفاع کی ایک اور گیدڑ بھبھکی

Sep 29, 2019

نئی دہلی(مانیٹرنگ ڈیسک)اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں وزیراعظم عمران خان کی پرتاثیر اور مدلل تقریر سے بوکھلاہٹ کی شکاربھارت کی مودی سرکار گیدڑ بھبکیوں پر اتر آئی، عالمی سطح پر عمران خان کے خطاب کو سراہے جانے کے بعد سے بھارتی وزراءحواس باختہ ہوگئے ہیں، اس مظاہرہ بھارتی وزیر دفاع راجناتھ سنگھ نے بھڑک مارتے ہوئے کیا کہ پاکستان کو ہماری بحریہ کی صلاحیتوں میں حالیہ اضا فے کے بعد تشویش میں مبتلا ہونا چاہئے کہ اسے اب بڑا دھچکا دیا جا سکتا ہے۔ بھارتی خبررساں ادارے کے مطابق بھارت کی دوسری سکارپینس کلاس حملہ آور آبدوز کی کمشنڈ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے راجناتھ سنگھ کا کہنا تھا پاکستان کو یہ سمجھنا چاہئے کہ آئی این ایس خاندیری آ بد و ز کی بحریہ میں شمولیت کے بعد بحری فورسز کی صلاحیت انتہائی مثبت پیشرفت اور ہماری حکومت کی مضبوطی کا ایک اور ایسا اقدام ہے جس نے ہمیں اس ہمسایہ ملک کو ایک اور بہت دھچکا دینے کے قابل بنا دیا ہے۔ انہوں نے کہا ہماری حکومت ہماری دفاعی فورسز کی ضروریات سے آگاہ ہے اور ہم انہیں پورا کرنے کیلئے پرعزم ہیں، ہماری حکومت کشمیر میں ترقیاتی اقدامات کر رہی ہے اور یہی وجہ ہے کہ کشمیر کے معا ملے پر ہمیں عالمی حمایت حاصل ہے، انہوں نے کہا پاکستانی وزیر اعظم عمران خان در در پھر رہے ہیں اور کارٹون بنانے والوں کیلئے مواد فراہم کر رہے ہیں،جبکہ ان کے مقابلے میں ہمارے وزیر اعظم نریندر مودی کے حالیہ دورے نے بھارت کے سپرپاور ہونے کی عکاسی کی۔ جس کا واضح ثبوت امریکہ میں ان کا شاندار استقبال ہے۔ بھارتی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ کا مزد کہنا تھا بھارتی افواج جدید ٹیکنالوجی اور سبک رفتار اسلحے سے لیس ہیں جو پاکستان کو جواب دینے کیلئے کافی ہیں۔جارحیت پسند بھارت کے وزیر دفاع وزیراعظم عمران خان کی دلیلوں اور حقائق پر مبنی تقریر کا جواب دینے سے قاصر نظر آئے اور پوری تقریب میں جنگ و جدل کی بات کرتے رہے جس سے ثابت ہوتا ہے پاکستانی وزیراعظم کی تقریر مودی سرکار کے وزرا کے حواسوں پر چھائی ہوئی ہے۔واضح رہے پاکستانی وزیراعظم عمران خان نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں بھارتی مظالم کا پردہ چاک کرتے ہوئے مظلوم کشمیریوں کا مقدمہ عالمی قوتوں کے سامنے رکھا اور اقوام متحدہ کو اپنا کردار ادا کرنے پر زور دیا۔ وزیراعظم کی تقریر کی حمایت میں جنرل اسمبلی کے شرکاءتالیاں اور ڈیسک بجاتے رہے۔