چنیوٹ (نمائندہ خصوصی)انسداد ڈینگی سرویلنس میں ایس او پیز پر عمل درآمد نہ کرنے والوں کے خلاف کاروائی کی جائے گی، ضلع بھر میں انسداد ڈینگی اقدامات کیلئے تمام تر توانائیاں بروئے کار لائی جا رہی ہیں اور انسدادی کاروائیوں کی مانیٹرنگ بھی جاری ہے اس ضمن میں زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل پیرا ہیں ، ان خیالات کا اظہار ڈپٹی کمشنر سید امان انور قدوائی نے انسداد ڈینگی سرویلنس کے جائزہ کیلئے مختلف سوئمنگ پولز کے وزٹ کے بعد کیا، اس موقع پر انکے ہمراہ اسسٹنٹ کمشنرخضر حیات بھٹی اور محکمہ ہیلتھ کی ٹیم بھی موجود تھی ، ڈپٹی کمشنر سید امان انور قدوائی نے جھنگ روڑ پر واقع سوئمنگ پولز پر پانی کی نکاسی ،صفائی کی صورتحال کا جائزہ لیا اور اپنی نگرانی میں محکمہ صحت کی ٹیم کے ہمراہ وہاں موجود پانی میں لاروا کو چیک کیا ،ایک سوئمنگ پول میں پانی کی نکاسی اور صفائی کی ناقص صورتحال پرمتعلقہ افسران کو کاروائی کا حکم جاری کیا ،اس موقع پر انکا کہنا تھا کہ ضلع میں ڈینگی کے خلاف متعلقہ محکموں کے انسدادی و حفاظتی اقدامات میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی اور سرویلنس سرگرمیوں کے خاطر خواہ نتائج نہ دکھانے والے محکمے جوابدہ ہونگے ، ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ ڈینگی لاروا کی افزائش کے مشکوک مقامات کا بار بار سروے کریں اور ایسی جگہوں کو خشک اور صاف رکھنے کیلئے موثر اقدامات ہونے چاہئیں