بہاول پور (نویداقبال چوہدری سے )محکمہ مال میں حال ہی میں تعینات ہونے والے پٹواریوں کو تقررنامے دیئے گئے
اس سلسلہ میں ایک تقریب منعقد ہوئی جس میں کمشنر بہاول پور ڈویژن کیپٹن محمد ظفر اقبال نے بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کی۔ تقریب میں ڈپٹی کمشنر عرفان علی کاٹھیا، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو، ضلع بھر کے اسسٹنٹ کمشنرز، ریونیو افسران، سسٹم نیٹ ورک ایڈمنسٹریٹر محمد عظیم ذیشان، پاکستان تحریک انصاف بہاول پور ضلع کے صدر سید تحسین نواز گردیزی، پی ٹی آئی کے رہنما اصغر جوئیہ، ملک عثمان چنڑ، سمیرا ملک، زین بخاری و دیگر سیاسی و سماجی رہنما موجود تھے۔ کمشنر بہاول پور ڈویژن کیپٹن محمد ظفر اقبال نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ پٹواریوں کی بھرتی صاف شفاف انداز میں عمل لائی گئی ہے۔ بھرتی ہونے والے پٹواری ملک کا درخشاں مستقبل ہیں۔ وہ ایمانداری، محنت اور جوش و جذبہ سے خدمات سرانجام دیں۔انہوں نے کہا کہ وہ درست طریقہ سے اور میرٹ پر کام کریں اور ملک کی ترقی میں اپنا کردار ادا کریں۔ ڈپٹی کمشنر عرفان علی کاٹھیا نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بہاول پور سٹی تحصیل، بہاول پور صدر تحصیل، خیر پور ٹامیوالی اور تحصیل حاصل پور میں شفاف طریقہ کار اور میرٹ پر 77پٹواری بھرتی کئے گئے ہیں جن میں دو خاتون پٹواری بھی شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ مال میں پٹواریوں کی شفاف بھرتی شاندار اقدام ہے۔انہوں نے کہا کہ پٹواریوں کی بھرتی سے کسان و کاشتکاران کو سہولت حاصل ہو گی۔ بہت جلد دیگر تحصیلوں میں بھی پٹواری بھرتی کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بورڈ آف ریونیو حکومت پنجاب کی ہدایت پر ضلع بھر میں دیہی مراکز مال فعال ہیں جہاں لوگوں کو ان کی دہلیز پر ریونیو کی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ بعد ازاں کمشنر بہاول پور ڈویژن کیپٹن محمد ظفر اقبال، ڈپٹی کمشنر عرفان علی کاٹھیا، پی ٹی آئی کے رہنما سید تحسین نواز گردیزی، اصغر جوئیہ، سمیرا ملک، ملک عثمان چنڑ، زین بخاری اور پی ٹی آئی رہنماؤں نے پٹواریوں میں تقررنامے تقسیم کئے۔