(نویداقبال چوہدری سے) سی ایس زون کی جانب سے این سی بی ایاینڈ ای بہاولپور میں سائبر سکیورٹی ٹریننگ سنٹر قائم کر دیا گیا جس میں سائبر سکیورٹی و ایتھیکل ہیکنگ کے متعلق کورسز کروائے جائیں گے۔
تعلیم یافتہ معاشرے کے قیام کے لیے تمام اداروں کو مل جل کر کام کرنا ہوگا۔ ڈیجیٹل سکیورٹی کی تعلیم وقت کی اہم ضرورت ہے۔ روایتی تعلیم کے ساتھ ساتھ نوجوانوں کو انٹرنیٹ کے محفوظ استعمال کی تربیت دینا بھی ضروری ہے۔ ان خیالات کا اظہار سی ای اوسی ایس زون محمد اسد الرحمن اورپرنسپل این سی بی اے اینڈ ای ڈاکٹر اسلم ادیب نے سی ایس زون اور نیشنل کالج آف بزنس ایڈمنسٹریشن اینڈ اکنامکس کے درمیان ایم او یو پر دستخط کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ایم او یو کا مقصد سائبر سکیورٹی سینٹر کا قیام ہے جہاں طلبہ کو جدید دور کے تقاضوں کے مطابق انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ڈیٹا سکیورٹی کی تعلیم دی جائے گی۔ ای سی بی اے اینڈ ای ایک تاریخ ساز تعلیمی ادارہ ہے جو اپنے طلبہ کو ہر شعبہ زندگی کے لیے تیار کرنے کی کوشش کرتا ہے۔ اس موقع پر کوآرڈینیٹر سی ایس زون عائشہ رزاق نے کہا کہ سی ایس زون کے تعاون سے طلبہ میں انٹرنیٹ کے محفوظ استعمال کی طرف رجحان بڑھے گا اور وہ ذمہ دار شہری بن کر اپنے فرائض بہتر انداز میں سرانجام دے سکیں گے۔