• Mon. Jun 30th, 2025

News Time HD TV

Ansar Akram

پولیس اہلکار کا ٹریفک حادثے میں انتقال، لاش دفنا دی گئی لیکن 9 ماہ بعد زندہ گھر آگیا، اتنے دن کہاں رہا اور جس کو دفنایا وہ کون تھا؟

Oct 2, 2021

نیروبی(مانیٹرنگ ڈیسک)کینیا میں ایک پولیس کانسٹیبل کا ٹریفک حادثے میں انتقال ہو گیا اور اس کے خاندان اور ساتھی ملازمین نے اس کی آخری رسومات تک ادا کر دیں مگر 9ماہ بعد ایسا انکشاف منظرعام پر آیا کہ سن کر آپ حیران رہ جائیں گے۔ ڈیلی سٹار کے مطابق ریوبین کیموتائی لیل نامی یہ کانسٹیبل درحقیقت اس حادثے میں مرا نہیں تھا بلکہ کوما میں چلا گیا تھااور ایک ہسپتال میں تھا۔
ہسپتال کے عملے نے غلطی سے مردہ خانے سے کسی اور شخص کی گلی سڑی لاش ریوبین کے خاندان اور کولیگز کو دے دی، جس کی انہوں نے آخری رسومات ادا کر دی تھیں۔9ماہ بعد جب ریوبین ہوش میں آیا تو اسے حقیقت کا علم ہوا، اسے مردہ سمجھ کر جہاں گھر والے رو پیٹ بیٹھے تھے وہیں اسے پولیس محکمے سے بھی معطل کیا جا چکا تھا۔ ریوبین کی بھتیجی جواین جیپتو نے برطانوی نشریاتی ادارے کو بتایا کہ ”ہم اپنے انکل کو مردہ سمجھتے رہے تھے۔ ہمیں اس کو حادثہ پیش آنے کی خبر ملی تھی اور اس کے بعد ہم اس کی تلاش میں تھے کہ نجانے اسے کس ہسپتال لیجایا گیا ہے۔“
جواین کا کہنا تھا کہ ”چار دن بعد ایک ہسپتال سے اطلاع ملی کہ میرے انکل کی موت ہو چکی ہے اور اس کی لاش اس ہسپتال کے مردہ خانے میں ہے۔ ہم گئے تو انہوں نے ایک ناقابل شناخت لاش ہمیں دے دی اور کہا کہ یہ ریوبین کی لاش ہے۔ دوسری طرف ریوبین کو دارالحکومت نیروبی کے ایک ہسپتال میں شناخت کے بغیر رکھا گیا تھا اور اس کا علاج کیا جا رہا تھا۔ اس کے ہوش میں آنے کے بعد ہی ہسپتال کے عملے کو اس کی شناخت معلوم ہو پائی جس کے بعد انہوں نے ہمیں اطلاع دی اور ہم ریوبین کو ہسپتال سے گھر لے آئے، جنہیں ہم اپنی طرف سے 9ماہ قبل آخری سفر پر روانہ کر چکے تھے۔