کراچی(غلام مصطفے عزیز )پاکستان نے مہمان ٹیم سری لنکا کونیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے دوسرے ایک روزہ بین الاقوامی میچ میں یکطرفہ مقابلے کے بعد 67 رنز سے شکست دے دی۔ بابراعظم کی سنچری اور عثمان شنواری کی 5وکٹوں نے پاکستان کو کامیابی دلوانے میں اہم کردار ادا کیا۔ مہمان سری لنکن کرکٹ ٹیم کی یہ اخلاقی فاتح تھی کہ ان کی وجہ سے پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ بحال ہوئی۔پاکستان کے نوجوان بیٹسمین بابر اعظم 105 گیندوں پر 115رنز بناکر کمارا کی بال پر ڈیسلوا کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوئے۔ انہوں نے اپنی اننگ میں 8چوکے اور 4چھکے لگائے۔ مین آف دی میچ عثمان شنواری نے تباہ کن بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 5کھلاڑیوں کو پویلین واپس بھیجا۔سری لنکا کے ابتدائی بیٹسمین پاکستانی بولرز کا سامنے کرنے میں ناکام رہے اور صرف 28 رنز پر 5کھلاڑی آئوٹ ہوکر پویلین واپس لوٹ گئے تاہم اس موقع پر جے سوریا اور دشاناکا نے اپنی ٹیم کو سہارا دیا اور جب اسکور 205 رنز پہنچا تو جے سوریا انفرادی اسکور 96 رنز بناکر عثمان شنواری کی بال پر سرفراز احمد کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوگئے ۔ ان دونوں کے درمیان 177 رنز کی قیمت شراکت ہوئی۔ جس کے فوراً بعد ڈیسن شاناکا بھی 80 گیندوں پر 68 رنز بناکر آئوٹ ہوگئے۔ سری لنکا کی پوری ٹیم 46.5 اوورز میں 238 رنز بناکر آئوٹ ہوئی ۔ پاکستان نے اس میچ میں 67 رنز سے کامیابی حاصل کی۔ قبل ازیں پاکستان نے دوسرے ایک روزہ بین الاقوامی میچ میں سری لنکا کو 306 رنز کا ہدف دیا۔پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کے فیصلہ کیا ۔ تقریباً دس سال بعد پاکستان میں کھیلے جانے والے میچ میں پاکستان ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر سری لنکا کو فیلڈنگ کرنے کی دعوت دی۔ پاکستان کی اننگ کا آغاز امام الحق اور فخرزمان نے کیا ،دونوں بیٹسمینوں کے گرائونڈ کا چاروں جانب خوبصورت اسٹروک کھیلے،جن اسکور 73 رنز پر پہنچا تو امام الحق 41 گیندوں پر 31 رنز بنانے کے بعد ڈیسلوا کی بال پر ایل بی ڈبلیو آئوٹ ہوگئے۔انہوں نے اپنی اننگ میں صرف ایک چوکا لگایا۔ جن کے بعد بابر اعظم کھیلنے کے لئے آئے۔ 104 کے مجموعی اسکور پر پاکستان کی دوسری وکٹ گری اور فخر زمان 54 رنز بناکر آئوٹ ہوگئے۔ تیسری وکٹ پر بابر اعظم اور حارث سہیل کے درمیان 111 رنز کی شراکت داری قائم ہوئی تاہم حارث سہیل 40 رنز بناکر رن آئوٹ ہوگئے۔بابر اعظم نے اپنے ون ڈے کیریئر کی 11ویں سنچری مکمل کی۔ 242 کے مجموعی اسکور پر کپتان سرفراز احمد 12 گیندوں پر 8 رنز بناکر رن آئوٹ ہوئے۔ بابر اعظم 2013 کے بعد ون ڈے میچ میں کسی کلینڈر سال میں ایک ہزاررنز بنانے والے پہلے پاکستانی ہیں۔بابر اعظم نے یہ کارنامہ رواں سال اپنی 19 ویں اننگز میں انجام دیا جس کے بعد وہ ایک سال میں ہزار رنز بنانے والے تیز ترین پاکستانی کرکٹر بن گئے۔ انہوں نے سال 2019 میں اپنا ہزارواں رن سری لنکا کے خلاف دوسرے ون ڈے میں اپنی اننگز کے 54 واں رن مکمل کرکے حاصل کیا۔ ان سے قبل 2013 میں مصباح الحق اور محمد حفیظ نے ایک میں سال میں ہزار رنز بنائے تھے۔24 سالہ بابر اعظم مجموعی طور پر پاکستان کے 10ویں کھلاڑی ہیں جنہوں نے سال میں ایک ہزار یا زائد ون ڈے میں بنائے، ان سے قبل محمد یوسف یہ کارنامہ 3 بار انجام دے چکے ہیں جبکہ اعجاز احمد، عامر سہیل، محمد حفیظ اور انضمام الحق نے دو ، دو مرتبہ سال میں ہزار ون ڈے رنز بنائے ہیں۔جاوید میانداد، مصباح الحق، یونس خان اور سعید انور نے یہ کارنامہ ایک، ایک بار انجام دیا۔پاکستان ٹیم میں وکٹ کیپر کپتان سرفراز احمد، فخر زمان، امام الحق، بابراعظم، حارث سہیل، افتخاراحمد، عماد وسیم، وہاب ریاض، شاداب خان، محمد عامر اور عثمان خان شنواری شامل ہیں جبکہ محمد رضوان کو بارہویں کھلاڑی کی حیثیت سے شامل کیا گیا ہے۔سری لنکن ٹیم کی قیادت لاہیرو تھری مناکررہے ہیں جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں وکٹ کیپر سادیرا ساماراوکراما، دھنوشکا گناتھیلاکا، آویشکا فرنینڈو،اوشہادا فرنینڈو،شیان جے سورویا، داسون شاناکا،ونیدو ہاسارنگا، ایسورواودانا، نون پردیپ، لاہیرو کمارا، مینود بھنوکا، لیکشن سنداکن،اینجیلو پریرا اور کاسن راجیتھا شامل ہیں۔ ٹاس کے بعد دونوں ممالک کے قومی ترانے بجائے گئے جس میں صدر مملکت عارت علوی، پاکستان کرکٹ بورڈ کے سربراہ احسان مانی اور سری لنکن کرکٹ بورڈ کے سربراہ موہن ڈیسلوا سمیت دیگر اہم شخصیات بھی موجود تھے۔اسٹیڈیم میں تاحال دو سے ڈھائی ہزار تماشائی موجود ہیں۔ یاد رہے کہ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان کھیلے جانے والا پہلا میچ بارش کے منسوخ کردیا گیا تھا جو کہ نیشنل اسٹیڈیم کی تاریخ کا پہلا ون ڈے بین الاقوامی میچ تھاجو بارش کے باعث بغیر کھیلے منسوخ کردیا گیا تھا۔