• Fri. Jul 4th, 2025

News Time HD TV

Ansar Akram

ایڈیشنل سپیشل جج انٹی کرپشن سائوتھ ریجن خیبرپختونخواہ کیمپ کورٹ ڈیرہ اسماعیل خان محمد ظفر خان کرپشن کاقلع قمع کرنے کیلئے متحرک۔

Oct 11, 2021

ڈیرہ اسماعیل خان.
ایڈیشنل سپیشل جج انٹی کرپشن سائوتھ ریجن خیبرپختونخواہ کیمپ کورٹ ڈیرہ اسماعیل خان محمد ظفر خان کرپشن کاقلع قمع کرنے کیلئے متحرک۔ انٹی کرپشن تھانہ ڈیرہ اسماعیل خان کے پانچ ملزمان کی عبوری ضمانتقبل از گرفتاری منسوخ کرکے جیل بھیج دیا۔ تفصیلات کے مطابق عام انتخابات 2018ء میں ین اے38 ڈیرہ اسماعیل خان ون سے أزاد امیدوار و سینیٹر وقار احمد خان کو فاتح قراردینے کے نام پر محمد بشیر مدنی ولد ذوالفقار اور عدالت کے ریڈر /ریٹرننگ آفیسر این اے38کے معاون کریم نواز ولد کالوخان پر الزام عائد کیاگیاتھاکہ انہوں نے انتخابات میں مکورہ امیدوار کو جتانے اور فاتح قرار دینے کیلئے ریٹرننگ افسر کے نام پر ڈیلنگ کرتے ہوئے تیس لاکھ روپے ایڈوانس وصول کئے ۔ شکایت ملنے پر کریم نواز مذکور سے لی گئی تیس لاکھ روپے کی رقم برآمد کرلی گئی اور محکمانہ کاروائی کے ساتھ ساتھ ادارہ انٹی کرپشن خیبر پختونخواہ ڈیرہ اسماعیل خان نے مقدمہ نمبر04سال2019ء مورخ2019-08-31جرم زیر دفعہ 166PPC-5(2)PCAکے تحت مقدمہ درج کیاجس پر ملزمان نے عبوری ضمانت قبل از گرفتاری کرائی تاہم گذشتہ پیشی پر دستیاب ریکارڈ اور وکلاء کے دلائل کی روشنی میں معزز عدالت نے عبوری ضمانت منسوخ کرکے ملزمان کو جیل بھیجنے کاحکم دیدیا۔ اسی طرح مقدمہ نمبر3سال2019ء مورخہ2019-08-09 میں ملزمان پٹواری خضر حیات بلوچ ولد ملازم حسین بلوچ سکنہ ہزارہ پکا، تحصیل پروا، ضلع ڈیرہ اسماعیل خان کی ملی بھگت سے عاشق حسین ولد قادر بخش اورسجاد حسین ولد فیض محمد ساکنان جٹہ پر جرم زیر دفعہ420PPC-5(2)PCAکے تحت الزام تھاکہ انہوں نے تین مرلے مکان کی وراثت کاجعلی انتقال کیاتھا۔فاضل عدالت نے اس کیس میں بھی دستیاب ریکارڈ اور دلائل کی روشنی میں ملزمان کی عبوری ضمانت قبل از گرفتاری خارج کردی۔ سرکل آفیسر انٹی کرپشن تھانہ ڈیرہ اسماعیل خان منہاج سکندر بلوچ نے ملزمان کو تھانہ کینٹ اور بعدازاں جوڈیشل ریمانڈ پرسنٹرل جیل منتقل کردیاہے۔ ادھر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے اسسٹنٹ ڈائریکٹر انٹی کرپشن کرائمز عبدالحئی خان بابڑ اور سرکل آفیسر منہاج سکندر بلوچ نے کہاہے کہ انٹی کرپشن ڈیرہ اسماعیل خان کے افسران اور عملہ حکومت اور ڈائریکٹر انٹی کرپشن عثمان زمان کے کرپشن فری پاکستان وژن کو عملی جامہ پہنانے کیلئے تندہی سے متحرک ہے اور اس سلسلے میں کوئی دقیقہ فروگذاشت نہیں کیاجائیگا۔ انہوں نے امیدظاہر کی کہ ڈیرہ اسماعیل خان کے سرکاری افسران اور عملہ شفافیت کی پالیسی پر عمل کو یقینی بنائیں گے اور عوام کو بلامعاوضہ ہر ممکن ریلیف فراہم کرینگے۔