بہاول پور(نویداقبال چوہدری سے)ہاتھ دھونے کا عالمی دن ہر سال دنیا بھر میں 15 اکتوبر کو منایا جاتا ہے۔ یہ ایک عالمی مہم ہے اور اس دن کو منانے کا مقصد دنیا بھر کے عوام میں ہاتھ دھونے کی اہمیت اور اس کے صحت پر ہونے والے اثرات کا شعور اُجاگر کیا جانا ہے۔ اس دن کو منانے کی ابتدا 2008ء کو ہوئی۔ اس سلسلے میں ضلع بہاول پور میں چیف ایگزیکٹیو آفیسر ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی ڈاکٹر اقبال مکول کی خصوصی ہدایت پر لوگوں کو ہاتھ دھونے کے بارے میں آگاہی فراہم کرنے کے لئے مختلف ہیلتھ فیسیلٹیزپر آئے ہوئے مریضوں کو ہاتھ دھونے کی اہمیت بارے آگاہ کیا گیا۔ چیف ایگزیکٹیو آفیسر ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی بہاول پور ڈاکٹر اقبال مکول نے اس حوالہ سے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ صفائی نصف ایمان ہے اور معاشرے کے ہر فرد کو ذاتی طور پر صفائی کا ضرور خیال رکھنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ اپنے ہاتھوں کو کم از کم 20 سیکنڈ زکے لیے کسی اچھے صابن سے بار بار دھونا چاہیے۔انہوں نے مزید کہا کہ زیادہ تربیماریاں ہمارے آلودہ ہاتھوں سے ہی شروع ہوتی ہیں اور ضرورت اس امر کی ہے کہ معاشرے میں ہاتھ دھونے کی اہمیت کو اجاگر کیا جائے تاکہ بیماریوں سے محفوظ رہا جا سکے۔ڈاکٹر اقبال مکوال نے کہا کہ اس سلسلے میں محکمہ ہیلتھ کی بہت بڑی ذمہ داری ہے کہ ہمارے لوگ اس پیغام کو لے کر گلی گلی کونے کونے میں پھیل جائیں اور لوگوں کو ہیلتھ ایجوکیشن خاص طور پر روزانہ دن میں کئی مرتبہ اپنے ہاتھ دھونے پر راغب کریں۔ ایسا کرنے سے بہت سی بیماریوں سے محفوظ رہا جا سکتا ہے۔