بہاولپور(نویداقبال چوہدری سے ) جینومکس سائنس کے ذریعے اعلی نسل کی گائیں اوربھینسیں تیارکرکے ملک میں خوشحالی لائی جاسکتی ہے راوی نسل کی بھینس پوری دنیاکی بہترین بھینس ہے سا ہیو ال اور راوی بھینسوں کی نسلوں میں مزید جدت لانے کیلئے ساہیوال کیٹل بریڈر سوسائٹی کے تعاون سے سیمن پروڈکشن لیب کاقیام اورA2.A2 دودھ دینے والی گائیں اوربھینسوں کے منصوبہ پرکام کیاجائیگا مقامی لوگوں کے معاشی حالات بہترکرنے کیلئے خرگوش اورگرمی برداشت کرنیوالی پولٹری کے منصوبوں پربھی کام کرینگے۔ ان خیالات کااظہار وائس چانسلر چولستان یونیورسٹی آف وٹرنری اینڈاینمل سائنسز پروفیسرڈاکٹر سجاد خاں نے صدر ساہیوال کیٹل بریڈر سوسائٹی محمدآفتاب احمدخاں وٹو کیساتھ سیمن پروڈکشن لیب کے قیام کیلئے ایم اویوسائن کرنے کے بعدصحافیوں سے گفتگوکرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہاکہ اس لیب کے قیام کیلئے ساہیوال کیٹل بریڈر سوسائٹی کی طرف سے2 کروڑ روپے دیئے جائیں گے باقی رقم یونیورسٹی خرچ کریگی جولائی2022 میں سیمن پروڈکشن پراجیکٹ پرکام شروع کردیاجائیگا انہوں نے کہاکہA2.A2 دودھ بیماریوں سے پاک اورماں کے دودھ سے مماثلت رکھتاہے اس نسل کی بھینسوں اورگائیں کافروغ وقت کی اہم ضرورت ہے دوسری نسل کے جانوروں کے دودھ سے بچوں میں شوگرنیم پاگل پن اوربڑوں میں دل کی بیماریوں جیسے امراض پائے جاتے ہیں انہوں نے کہاکہ چولستان وٹرنری یونیورسٹی نے جینومکس سنٹرراولپنڈی کے تعاون سے فیصل آباد یونیورسٹی، ٹنڈوآدم یونیورسٹی، پشاور یونیورسٹی، راولہ کوٹ یونیورسٹی کے باہمی تعاون سے چولستان یونیورسٹی آف وٹرنری اینڈانیمل سائنسز میں پانچ روزہ تربیتی ورکشاپ کاانعقاد کرایاہے جس کے ذریعے فارمرز کوجانوروں کی اقسام میں جدت لانے ان کے گوشت اوردودھ کی پیداوار میں اضافے کے حوالے سے آگہی فراہم کی گئی ہے انہوں نے کہاکہ جانوروں کی بریڈنگ میں امپروومنٹ بہترنرکاچناؤ بریڈ کے خدوخال بڑھوتری اورجینومکس سائنس میں پیچیدگیوں کابھی جائزہ لیاجائیگا۔انہوں نے کہاکہ اچھی نسل کا بیل تیارکرنے کیلئے پچاس سے ساٹھ لاکھ روپے خرچ آتے ہیں اوراس منصوبہ کیلئے کئی سال بھی درکار ہوتے ہیں سیمن پروڈکشن کے قیام سے اخراجات میں کمی اوربہترنسل کے جانورتیارکرنے میں آسانی پیداہوگی۔ انہوں نے بتایاکہ اس تربیتی ورکشاپ میں ساہیوال کیٹل بریڈر زایسوسی ایشن بفلو بریڈر ایسوسی ایشن اورگوٹ بریڈر ایسوسی ایشن کے صدور، نمائندگان اورفارمرز نے شرکت کی۔ اس موقع پر چولستان یونیورسٹی آف وٹرنری اینڈانیمل سائنسز کے وائس چانسلر پروفیسرڈاکٹرسجاد خاں اور ساہیوال کیٹل بریڈرایسوسی ایشن کے صدرسردارمحمدآفتاب خاں وٹو کے درمیان سیمن پروڈکشن کے قیام کیلئے ایم اویو پردستخط کیے گئے۔ تقریب کے اختتام پرشرکاء کوشیلڈز بھی دی گئیں اختتامی تقریب میں وائس چانسلر صادق ویمن یونیورسٹی صائقہ امتیاز نے بھی شرکت کی۔