• Tue. Jul 8th, 2025

News Time HD TV

Ansar Akram

سینئر ٹیوٹر آفس اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور کے زیر اہتمام عشرہ شان رحمتہ اللعالمینؐ کے حوالے سے ”موجودہ دور کے سماجی، نفسیاتی، اخلاقی اور خاندانی مسائل کا حل سیرت النبی ؐ کی روشنی میں“ کے موضوع پر ویبینار منعقد کیا گیا

Oct 18, 2021

بہاول پور (نویداقبال چوہدری سے)سینئر ٹیوٹر آفس اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور کے زیر اہتمام عشرہ شان رحمتہ اللعالمینؐ کے حوالے سے ”موجودہ دور کے سماجی، نفسیاتی، اخلاقی اور خاندانی مسائل کا حل سیرت النبی ؐ کی روشنی میں“ کے موضوع پر ویبینار منعقد کیا گیا۔سیمینار میں ملک کے معروف مذہبی سکالرز،دانشوروں، سابق وائس چانسلر سرگودھا یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر محمد اکرم چوہدری، پروفیسر مفتی منیب الرحمن، پروفیسر علامہ ڈاکٹر حسین اکبر اور علامہ سید ضیا اللہ بخای نے اظہار خیال کیا۔ افتتاحی کلمات ادا کرتے ہوئے وائس چانسلراسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور انجینئر پروفیسر ڈاکٹر اطہر محبوب نے کہا کہ اس اہم موضوع پر ویبینار منعقد کرانے پر میں سینئر ٹیوٹر آفس اورپروفیسر ڈاکٹر واجد خان کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ حضرت محمدؐ کی سیرت کا پیغام پوری دنیا میں ایسے فلاحی، پر امن اور تہذیب یافتہ معاشروں کی تشکیل ہے جو احترام انسانیت، انصاف، رائے کے احترام اور اعلیٰ اقدار پر مشتمل ہوں۔ انہوں نے کہا کہ حضرت محمدؐ نے اپنی سماجی زندگی سے ایک ایسا لازوال نمونہ پیش کر دیا جس پر عمل پیرا ہو کر پوری دنیا کو امن، بھائی چارے اور رواداری کا گہوراہ بنایا جا سکتا ہے۔ ویبینار میں گفتگو کرتے ہوئے پروفیسر ڈاکٹر محمد اکرم چوہدری نے کہا کہ حضور اکرمؐ کی سیرت زندگی کے تمام شعبوں میں رہنمائی فراہم کرتی ہے وہ ایک ایسے کامل شخصیت کے حامل تھے جس کی مثال دنیا میں نہیں ملتی۔ انہوں نے پوری انسانیت کے لئے ایسا منشور پیش کیا جس کو اپنا کر پوری دنیا کے مسائل کا خاتمہ کیا جا سکتا ہے۔ مثبت سوچ، تعمیری طرز عمل، صبر، قناعت اور درگزر کے عملی نمونے پیش کر کے انہوں نے آج کے نفسیاتی، سماجی مسائل کے کارگر حل پیش کئے۔ پروفیسر مفتی منیب الرحمن نے کہا کہ نبی اخری الزماں ؐ کی سیرت ہمارے لئے درخشاں مشعل راہ ہے۔ ان کی زندگی کا ہر لمحہ ہمیں اپنی زندگیوں میں دریپش مختلف مسائل کے بہترین حل کے لئے گائیڈ لائن فراہم کرتا ہے۔ افسوس کے آج ہم آپؐ کی سیرت کے بجائے اغیار کی پیروری کرنے پر فخر محسوس کرتے ہیں جس کے باعث ہمارے معاشرے زوال پذیر ہیں۔ پروفیسر ڈاکٹر علامہ حسین اکبر نے کہا کہ حضور پاکؐ نے اپنی سیرت کے ذریعے مختصر عرصے میں جو انقلاب برپا کیا اس کی مثال دنیا میں نہیں ملتی۔ انہوں نے جہالت کی اتاہ گہرائیوں میں گھرے معاشرے کو اپنے پیغام اور عمل کے ذریعے دنیا کا مثالی معاشرہ بنا دیا۔ آج بھی ہم آپؐ کی سیرت پر عمل کر کے ایک بار پھر اپنا کھویا ہوا مقامل حاصل کر سکتے ہیں۔ پروفیسر ڈاکٹر علامہ سید ضیاء اللہ بخاری نے کہا کہ ہمیں اگر اپنے معاشروں کو درست کرنا ہے توسب سے پہلے اپنے گھر کو درست کرنا ہو گا۔ اپنے بچوں کی تعلیم وتربیت کا نظام بہتر کرنا ہوگا کیونکہ معاشرتی تبدیلی کی بنیاد ماں کی گود سے شروع ہوتی ہے۔ویبینار کے اختتامی کلمات ڈین فیکلٹی آف سوشل سائنسز پروفیسر ڈاکٹر روبینہ بھٹی اور اظہار تشکر کے کلمات سینئر ٹیوٹر پروفیسر ڈاکٹر واجد خان نے ادا کئے۔ویبینار کے موڈ ایئر کے فرائض ایسوسی ایٹ لیکچرار طیبہ لطیف نے ادا کئے۔ویبینار میں ملک بھر سے اساتذہ طلباء اور شہریوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔