نیویارک(مانیٹرنگ ڈیسک) امریکہ میں دل کے 4مریضوں کو ’تفریح طبع‘ کے لیے قتل کرنے والے میل نرس کو سزائے موت دینے کی استدعا کر دی گئی۔ میل آن لائن کے مطابق امریکی ریاست ٹیکساس میں اس 37سالہ سفاک شخص ولیم ڈیوس نے 4مریضوں کے جسم میں ’ہوا‘ انجیکٹ کی تھی جس سے ان کی موت واقع ہو گئی۔ ان مریضوں کے نام جان لیفرٹی، رونالڈ کلارک، کرسٹوفر گرین وے اور جوزف کیلینا تھے۔
ان چاروں کی ہارٹ سرجری ہوئی تھی جس کے بعد انہیں انتہائی نگہداشت وارڈ میں رکھا گیا تھا۔ ولیم ڈیوس نے 2017ءاور 2018ءکے دوران مختلف اوقات میں ان چاروں کے جسم میں ہوا داخل کی۔ پراسیکیوٹرز کی طرف سے عدالت میں ملزم کو سیریل کلر قرار دیا گیا ہے اور اسے سزائے موت دینے کی استدعا کی گئی ہے۔ پراسیکیوٹرز نے عدالت میں بتایا ہے کہ ملزم نے مریضوں کے جسم میں محض تفریح طبع کے لیے ہوا انجیکٹ کی تھی۔ رپورٹ کے مطابق عدالت میں ولیم ڈیوس کا جرم ثابت ہو چکا ہے اور آئندہ ہفتے اسے سزا سنائی جائے گی۔