• Mon. Jun 30th, 2025

News Time HD TV

Ansar Akram

جامعہ کو ہیپاٹائٹس فری یونیورسٹی کی طرح کرونا فری یونیورسٹی بنایا جائے گا۔

Nov 3, 2021

بہاول پور( نویداقبال چوہدری سے)اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کے اساتذہ اور طلباء و طالبات نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ جامعہ کو ہیپاٹائٹس فری یونیورسٹی کی طرح کرونا فری یونیورسٹی بنایا جائے گا۔ اس مقصد کے لیے مرکزی آڈیٹوریم میں تقریب منعقد ہوئی۔ اس موقع پر وائس چانسلر انجینئر پروفیسر ڈاکٹر اطہر محبوب ، ڈپٹی کمشنر بہاولپور عرفان علی کاٹھیا، پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر نوید اختر ، چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیلتھ محمد اقبال مکول اور فوکل پرسن ڈاکٹر آصف نوید رانجھا ،اساتذہ اور طلباء موجود تھے۔پروفیسر ڈاکٹر اطہر محبوب وائس چانسلر نے کہا کہ رواں ماہ کے آخر میں تمام اساتذہ اور طلباء کی ویکسینشن مکمل کی جائے گی۔ ہم نے اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کو دنیا کی پہلی ہیپاٹائٹس فری یونیورسٹی بنایا اور اب کرونا وباء سے بھی نجات حاصل کریں گے۔ ڈپٹی کمشنر بہاولپور عرفان علی کاٹھیا اپنی ذمہ داریوں سے بڑھ کر یونیورسٹی سے تعاون کر رہے ہیں۔ اسی طرح ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی کا تعاون بھی قابل ذکر ہے۔ ڈپٹی کمشنر عرفان علی کاٹھیا نے کہا کہ بہاولپور میں اب تک کرونا سے 244افراد جان کی جا چکی ہے۔ ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ اپنی ویکیسنیشن مکمل کریں اور آج کا یہ پیغام طلباء وطالبات کے ذریعے 46ہزار گھرانوں تک جانا چاہیے۔ جب تک یونیورسٹی کا آخری طالب علم ویکسین نہیں لگوالیتا ہم آپ کے ساتھ کھڑے ہیں۔ یونیورسٹی کو ایک دن میں 6000سے زائد ویکسین فراہم کی جائے گی۔اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور اور بہاولپور ضلع کوکرونا سیف زون بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی میں کرونا سرٹیفیکیٹ کے لیے نادرا کائونٹر قائم کیا جائے گا اور جب اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کرونا فری یونیورسٹی بن جائے گی تو ہم ایک بہت بڑی تقریب منعقد کریں گے۔ چیف ایگزیکٹوآفیسر ڈسٹرکٹ ہیلتھ محمد اقبال مکول نے کہا کہ اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور ملک کی پہلی کرونا فری یونیورسٹی بنے گی۔ فوکل پرسن ڈاکٹر آصف نوید رانجھا نے کہا کہ اس وقت اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کے 70فیصد طلباء وطالبات اور 90فیصد سے زائد اساتذہ اور اسٹاف ویکسین لگواچکے ہیں۔ اس سلسلے میں ڈیٹا مرتب کیا جا رہا ہے اور 20ہزار لوگوں کا ڈیٹا جمع کر لیا گیا ہے ۔ وائس چانسلر کے ویژن کے مطابق اور ضلعی انتظامیہ کے تعاون سے آئندہ چند ہفتوں میں ویکسینشن کا 100فیصد ٹارگٹ حاصل کر لیا جائے گا۔ چیف میڈیکل آفیسر ڈاکٹر عثمان چیمہ نے کہا کہ ڈسٹرکٹ ہیلتھ ایڈمنسٹریشن کے تعاون سے یونیورسٹی کے ہیلتھ سنٹر میں تمام اقسام کی کرونا ویکسین دستیاب ہیں ۔