بہاول پور( نویداقبال چوہدری سے )پروفیسر ڈاکٹر اطہر محبوب وائس چانسلر اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور نے کہا ہے کہ پاکستان پوسٹل سروسز کی خدمات میں جدت اور بہتری انتہائی خوش آئند ہے ۔ وائس چانسلر نے ان خیالات کا اظہار اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور اور پاکستان پوسٹل سروسز کے مابین ڈاک کی ترسیل کے لیے ہونے والی مفاہمتی یاداشت کے موقع پر کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پوسٹل سروسز نے انتہائی مختصر عرصے میںاپنی خدمات کو جدید خطوط پر استوار کیا ہے۔ جس سے ملک بھر میں ڈاک کی ترسیل تیز ترین اور موثر ہو گئی ہے۔ اس سلسلے میں ڈیجیٹل سروسز کا آغاز اور ایمازون سے الحاق باعث مسرت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور اب محکمہ ڈاک کی خدمات سے مستفید ہو سکے گی ۔ اس موقع پر رجسٹرار پروفیسر ڈاکٹر معظم جمیل ، خزانہ دار پروفیسر ڈاکٹر ابوبکر ، ڈائریکٹر پریس میڈیا اینڈ پبلیکیشن شہزاد احمد خالد ، ڈپٹی خزانہ دارمحمدسعید، ڈپٹی رجسٹرار محمد جہانزیب مغل اور ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ پوسٹل سروسز بہاولپور بھی موجود تھے۔