کراچی(غلام مصطفے عزیز) اوپنر فخرزمان اور عابد علی کی 123 رنز کی اوپننگ پارٹنرشپ نے پاکستان کو تیسرے ایک روزہ بین الاقوامی میچ میں 5 وکٹوں سے کامیابی دلوادی،پاکستان نے سیریز 2-0 سے اپنے نام کرلی، فخرزمان نے 76 اور عابد علی نے 67رنز بنائے، عابد علی کو مین آف میچ اور بابر اعظم کو میں آف دی سیریز کا ایوارڈ دیا گیا، پاکستان نے دوسرے میچ میں 67 رنز سے کامیابی حاصل کی تھی جبکہ پہلا میچ بارش کی وجہ سے منسوخ کر دیا گیا تھا۔ سری لنکاکے اوپنر بیٹسمین گناتھیلاکا نے 133رنز بنائے۔قبل ازیں سری لنکن کرکٹ ٹیم کے کپتان لاہیرو تھری منا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیااور پاکستان کومیچ جیتنے کے لئے 298 رنز کا حدف دیا۔ پاکستان اور سری لنکا کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلی جانے والی تین ایک روزہ بین الاقوامی میچوں کی سیریز کے تیسرے اور آخری میچ میں سری لنکا کی ٹیم نے مقررہ 50اوورز میں مجموعی طور پر 9 وکٹوں کے نقصان پر 297 رنز بنائے۔ سری لنکاکے اوپنر بیٹسمین گناتھیلاکا نے 16چوکے اور ایک چھکے کی مدد سے 134 گیندوں پر 133رنز بنائے، انہیں محمد عامر نے کلین بولڈ کیا۔ ساتویں نمبر پر بیٹنگ کے لئے آنے والے شاناکا نے تیز بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 5 چوکے اور 2 چھکوں کی مدد سے صرف 24 گیندوں پر 43رنز بنائے اور وہ وہاب ریاض کی بال پر حارث سہیل کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوئے۔اسی طرح کپتان تھریمانے اور بھانوکا نے بالترتیب 36، 36 رنز بناکر نمایاں رہے۔پاکستان کے محمد عامر نے اپنے مقررہ 10 اوورز میں 50 رنز دے کر 3 بیٹسمینوں کو پویلین کا راستہ دکھایا جبکہ عثمان شنواری، وہاب ریاض، شاداب خان اور محمد نواز نے بالترتیب ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ جواب میں پاکستان کی ٹیم نے دیا گیا حدف 48.2اوورز میں5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔پاکستان کی جانب سے فخرزمان اور عابد علی نے پراعتماد انداز میں اننگ کا آغاز کیا اور 19.3 اوورز میں اسکور123 تک پہنچا دیا، بدقسمتی سے اس موقع پر عابد علی ڈی سلوا کی بال پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے اور ایل بی ڈبلیو کا یہ فیصلہ ٹی وی امپائر نے ریویو لینے پردیا۔ عابد علی نے اپنی تیزرفتار اننگ میں 10 چوکوں کی مدد سے 67 گیندوں پر 74 رنز بنائے۔ جس کے بعدبابراعظم بیٹنگ کرنے آئے اور وہ زیادہ پراعتماد طریقے سے نہیں کھیل سکے۔انہوں نے اپنی اننگ میں 26 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 31 رنز بنائے، وہ پردیپ کی بال پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔جب مجموعی اسکور 189 رنز پر پہنچا تو اوپنر فخر زمان انفرادی اسکور 76 رنز بناکرپردیپ کی بال پرشاناکا کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوگئے۔انہوں نے 91 گینڈوں کا سامنا کرتے ہوئے 7 چوکے اور ایک چھکا لگایا۔پاکستان کے آئوٹ ہونے والے چوتھے کھلاڑی کپتان سرفراز احمد تھے جنہوں نے 33 گیندوں پر22 رنز بنائے اور انہیں کمارا نے کلین بولڈ کیا۔ایک موقع پر پاکستان کو میچ جیتنے کے لئے 34 گیندوں پر 44 رنز درکار تھے۔اس موقع پر پاکستان کی پانچویں وکٹ بھی گر گئی اور حارث سہیل 50 گیندوں پر 56 رنز بناکر جے سوریا کی بال پر کلین بولڈ ہوگئے۔حارث سہیل نے اپنی اننگ میں 3 چوکے اور ایک چھکا لگایا۔افتخار احمد نے 3 چوکے اور ایک چھکے کی مدد 22 گیندوں پر 28 رنز بنائے اور آئوٹ نہیں ہوئے جبکہ وہاب ریاض بھی ایک رن بناکر ناٹ آئوٹ رہے۔اس طرح پاکستان نے دیاگیا حدف 48.2 اوورز میں 299 رنز بناکر حاصل کرلیا۔پاکستان ٹیم کی قیادت سرفراز احمد نے کی جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں فخر زمان، عابد علی، بابراعظم، حارث سہیل، افتخار احمد، محمد نواز، وہاب ریاض، شاداب خان، محمد عامر اور عثمان خان شنواری شامل تھے جبکہ محمد رضوان کو بارہویں کھلاڑی کی حیثیت سے شامل کیا گیا۔ پاکستان کی ٹیم میں دو تبدیلیاں کی گئی تھیں اور امام الحق اور عماد وسیم کی جگہ عابد علی اور محمد نواز کوشامل کیا گیا ۔سری لنکن ٹیم کی قیادت لاہیرو تھری منانے کی جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں وکٹ کیپر مینود بھانوکا، دھنوشکا گناتھیلاکا، آویشکا فرنینڈو،اینجولیو پھریرا،شیان جے سورویا، داسون شاناکا،ونیدو ہاسارنگا، لیکشن سنداکان، نون پردیپ، لاہیرو کمارا شامل تھے جبکہ سدایرا ساماراوکراما بارہویں تھے۔ سری لنکا کی ٹیم میں تین تبدیلیاں کی گئیں اور سادیرا ساماراوکراما،اوشہادا فرنینڈو، ایسورواودانا کی جگہ مینود بھانوکا، لیکشن سنداکان اور اینجولیو پھریرا کو شامل کیا گیا ۔سری لنکا کے کھلاڑی مینود بھانوکا نے ایک روزہ بین الاقوامی میچوں میں ڈیبو کیا۔آمپائرنگ کے فرائض جوئل ولسن اور علیم ڈار نے ادا کئے جبکہ ٹی وی امپائر مائیکل گوف انجام تھے۔