بہاول پور(نویداقبال چوہدری سے)دی گورنمنٹ صادق کالج ویمن یونیورسٹی بہاولپور میں ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی بہاول پور کے تعاون سے ڈینگی سیمینار کا اہتمام کیا گیا۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر صاعقہ امتیاز آصف نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی جبکہ ڈپٹی کمشنر بہاول پور عرفان علی کاٹھیا بطور مہمان اعزازشریک ہوئے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر عرفان علی کاٹھیا نے کہا کہ چند سال قبل پاکستان میں ڈینگی جیسا موذی مرض وارد ہواجس سے کئی قیمتی جانیں گئیں۔ ڈینگی بخار اب بھی پاکستان سمیت دنیا کے کئی ممالک کے لیے ایک چیلنج ہے۔ اس لیے شہریوں کو چاہیے کہ احتیاطی تدابیر پر فوری عمل کریں تاکہ اس موذی مرض سے بچا جائے۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ بہاولپور وزیر اعلیٰ پنجاب کے احکامات کی روشنی میں شہر کو ڈینگی پروف کرنے میں دل رات کوشاں ہے۔ اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر صاعقہ امتیاز آصف نے خطاب کے دوران طالبات کو مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ آپ ایک ایمبسڈرہونے کی حیثیت سے ڈینگی اور دیگر موذی مرض سے بچاؤ کی ممکنہ احتیاطی تدابیر ناصرف اپنے خاندان سے بلکہ سوسائٹی میں پیغام عام کریں تاکہ ہم ایسی موذی بیماریوں سے اپنے ہم وطنوں کو محفوظ بناسکیں۔ اس موقع پر سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر محمد اقبال مکوال، ڈاکٹر خالد ملک آرائیں ڈی ایچ او ہیلتھ، ڈاکٹر خالد چنڑ ڈی سی پی پی اور ڈاکٹرخالد محمود نے بھی ڈینگی سے ممکنہ احتیاطی تدابیر بارے آگاہ کیا۔سیمینار کے اختتام پر پروفیسر ڈاکٹر صاعقہ امتیاز آصف کی جانب سے ڈپٹی کمشنرعرفان علی کاٹھیا اور دیگر مہمانوں کو شیلڈز پیش کی گئیں۔اس حوالے سے ڈینگی سے بچاؤ بارے وائس چانسلر پروفیسر صاعقہ امتیاز آصف کی زیر قیادت دی گورنمنٹ صادق کالج ویمن یونیور سٹی میں اساتذہ اور طالبات کی جانب سے ریلی کا انعقاد بھی کیا گیا۔