• Tue. Jul 8th, 2025

News Time HD TV

Ansar Akram

شہبازشریف کاملک میں گیس کی قلت کے بحران پر اظہار تشویش ، ن لیگی صدر نے حکومت کو آڑے ہاتھوں لے لیا

Nov 15, 2021

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے ملک میں گیس کی قلت کے بحران پر اظہار تشویش کرتے ہوئے کہا ہے کہ قدرتی گیس کی عدم فراہمی وبحران حکومت کی نااہلی اور بے حسی کا منہ بولتا ثبوت ہے ۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہاکہ سردی ابھی شروع بھی نہیں ہوئی لیکن گھروں اور کارخانوں کو گیس کی فراہمی معطل ہوگئی ہے، عمران نیازی صاحب کیا اچھے دن لائے ہیں؟ ،شہریوں کو صرف تین وقت گیس فراہمی کا اعلان حکومت کی بے حسی اور نالائقی ہے،موجودہ حکومت نےخود اعتراف کیاکہ مسلم لیگ ن کے قائم کردہ انفراسٹرکچر سے گیس کے 14 کارگوز لائے جاسکتے ہیں،سواپ کیاجائے تو مزید دو یا تین گیس کارگوز اور لائے جاسکتے ہیں ،ملک میں اس وقت 18 مزید کارگوز کی کھپت ہے لیکن حکومت صرف دس کارگوز منگوا رہی ہے،ملک میں 300 سے 400 ملین کیوبک فٹ گیس کی قلت ہوگی، چولہے، ہیٹر نہیں جلیں گے۔
ن لیگی صدر کا کہنا تھا کہ نہانے کے لئے گرم پانی کو پہلے ہی موجودہ حکومت عیاشی قرار دے چکی ہے، گیس نہ ہونے سے صنعتوں کا پہیہ رک جائے گا ، صنعتوں کو گیس کی عدم فراہمی سےملک میں پہلےسےموجود تاریخی بےروزگاری میں مزیداضافہ ہوجائےگا،جب سےپاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی)حکومت آئی ہے،گیس مہنگی سےمہنگی ہو رہی ہے جبکہ اس کی فراہمی کم سے کم ہوتی جارہی ہے ،ملک ، عوام اور معیشت عمران نیازی کی نااہلی کرپشن اور بے حسی کی متحمل نہیں ہوسکتی۔