کراچی(نمائندہ خصوصی)مشیر خزانہ شوکت ترین نےدعوی کرتے ہوئے کہا ہے کہ روپے کی تنزلی میں سٹےبازوں کا ہاتھ ہے، پیٹرول کی قیمتوں میں عالمی اضافہ منتقل کرنے کے علاوہ کوئی چارہ نہیں ہے،عالمی مارکیٹ میں تیل مہنگا ہوگا تو ہم بھی مزید مہنگا کریں گے۔
نجی ٹی وی کے مطابق کراچی میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شوکت ترین نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) نے حکومت سنبھالی تو بہت سی مشکلات تھیں ، ملک میں ڈالر نہیں تھے اور کرنٹ اکاونٹ خسارے کا سامنا تھا تاہم آئی ایم ایف پروگرام کی وجہ سے معیشت مضبوط ہوئی، اس دوران کورونا کی وبا پھیل گئی لیکن وزیراعظم عمران خان نے کورونا وبا کا خوب مقابلہ کیا، عمران خان نے تعمیرات، زراعت اور برآمدی صنعتوں پر توجہ دی، جس طرح وزیراعظم نے کورونا کو ہینڈل کیا اس کی پوری دنیا نے تعریف کی، معاشی ترقی کی شرح نمو پانچ فیصد سے کم ہوکر ڈیڑھ فیصد پر آگئی تھی تاہم ہماری حکمتِ عملی کی وجہ سے 2021-20ء کی شرح نمو چار فیصد پر آئی اور اب شرح نمو پانچ اور چھ فیصد پر لانا ہے۔انہوں نے کہاکہ سب کے لیے فائدہ مند اور پائیدار بنیادوں پر ترقی چاہتے ہیں، ترقی یافتہ ملکوں نے 20 سے 30 سال میں ترقی کی، معاشی ماہرین سے معلوم کیا کہ پائیدار ترقی کیوں نہیں ہوتی تو پتا چلا کہ قومی بچت کم، برآمدات اور درآمدات میں بہت فرق تھا،ہمیں ایسی ترقی چاہیے جو پانچ سال نہیں بلکہ 20 سال کے لیے ہو۔
مشیرخزانہ نے کہا کہ روپے کی قدر میں کمی میں سٹے کا ہاتھ موجود ہے،ڈالر کی قدر 166 یا 167 روپے ہونی چاہیے، آٹھ سے نو روپے سٹے باز لے کر جا رہے ہیں،سٹے باز ڈالر افغانستان سمگل کررہے ہیں تاہم آئی ایم ایف پروگرام مکمل ہونے پر روپیہ مستحکم ہوجائے گا، آئی ایم ایف پروگرام کے بعد سٹے بازوں کے خلاف گھیرا تنگ کریں گے، ڈالر ریٹ دونوں طرف ایک جیسا ہونا چاہے ورنہ سٹے باز تو فائدہ اٹھائے گا،سٹیٹ بینک کی کارکردگی پر کوئی تبصرہ نہیں کروں گا، وہ ایک خودمختار ادارہ ہے اور جب مرکزی بینک کے گورنر سے ملیں تو ڈالر کی قیمتوں فرق کے بارے میں پوچھئے گا۔مشیر خزانہ نے کہاکہ عالمی مالیاتی ادارے( آئی ایم ایف) کا پروگرام سخت ہوتا ہے لیکن قوم آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدے کے حوالے سے جلد خوشخبری سنے گی۔انہوں نے گھی انڈسٹری میں کارٹلائزیشن کا اعتراف کرتے ہوئے بتایا کہ کمپٹیشن کمیشن کو کارٹلائزیشن کے خلاف کارروائی کا کہا ہے۔اس سے قبل مشیر خزانہ شوکت ترین نے کراچی کے نیا ناظم آباد میں 500 بیڈ کے ہسپتال کا سنگ بنیاد بھی رکھا۔
”روپے کی تنزلی میں سٹے بازوں کا ہاتھ ہے“مشیر خزانہ شوکت ترین نے حیران کن دعوی کرتے ہوئے پٹرول کی قیمتیں بڑھانے کا عندیہ دے دیا
