• Mon. Jun 30th, 2025

News Time HD TV

Ansar Akram

پنجاب کے طول و عرض کے دیہی ،میدانی اور صحرائی علاقوں میں 9ماہ سے 15سال تک کے بچوں کو خسرہ و روبیلا سے بچاو کی قومی مہم جاری ہے

Nov 27, 2021

بہاول پور(نویداقبال چوہدری سے) پنجاب کے طول و عرض کے دیہی ،میدانی اور صحرائی علاقوں میں 9ماہ سے 15سال تک کے بچوں کو خسرہ و روبیلا سے بچاو کی قومی مہم جاری ہے۔ جس میں ابتک پہلے 10 روز میں4کروڑ 15 لاکھ سے زائد بچوں کو یہ ٹیکے لگائے جا چکے ہیں پنجاب میں پونے پانچ کروڑ بچوں کو خسرہ اور روبیلا سے بچاؤ کے حفاظتی ٹیکے لگانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔جس کے لئے1لاکھ 50ہزار سے زائد عملہ اور 35425 ٹیمیں اس مہم میں حصہ لے رہی ہیں۔ یونیسف کے تعاون سے چلائی جانے والی اس مہم میں ڈھول کی تھاپ، گاڑیوں، رکشوں میں اعلانات،گلی محلوں اور مساجد میں اعلانات کے ذریعے والدین تک اپنے بچوں کو حفاظتی ٹیکے لگانے کے پیغامات پہنچائے جا رہے ہیں۔گذشتہ روزاس سلسلے میں یونیسف نے لاہور سے سینئر صحافیوں اور ہیلتھ رپورٹرز کے وفد کو بہاولپور کا دورہ کروایا۔وفد نے بہاول پور کے مختلف دیہی وصحرائی علاقے میں بچیوں کے سکول، بنیادی مراکز صحت راجگان اور تاریخی قلعہ دراوڑ کے قریب مرکز صحت دراوڑ کا دورہ کیا اور چولستان کے صحرا میں مقیم کمیونٹی کے بچوں کو حفاظتی ٹیکے لگانے کے عمل کا جائزہ لیا۔بہاولپور کے صحرائی علاقے میں اونٹوں، جیپوں اور موٹر سائیکلوں پر ٹیمیں دور دراز علاقوں میں بچوں کو ویکسین لگانے میں مصروف تھیں۔جہاں والدین بڑی دلچسپی کے ساتھ اپنے 9ماہ سے 15سال تک کے بچوں کو خسرہ اور روبیلا کے انجیکشن لگوا رہے تھے ۔دورے کے دوران ممبر صوبائی اسمبلی ڈاکٹر محمد افضل، ڈائریکٹر ای پی آئی پروگرام پنجاب ڈاکٹر مختار احمد اعوان چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیلتھ بہاول پورڈاکٹر محمد اقبال مکول اورکنسلٹنٹ یونیسیف ڈاکٹر ذاکر، ڈبلیو ایچ او کے نمائندہ ڈاکٹر مفکر نے صحافیوں کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ بہاول پور میں کل ہدف 15 لاکھ ہے اور 108 یونین کونسلز میں 1120ٹیموں نے پہلے 10 روز میں 12لاکھ بچوں کو ٹیکے لگادیئے ہیں۔ مہم کی کامیابی کے لئے تمام پوائنٹس پر بھر پور انتظامات کئے گئے ہیں۔