بہاولپور(نویداقبال چوہدری سے) آر پی او بہاولپور شیر اکبر نے بہاولنگر، رحیم یار خان اور بہاولپور کے ضلعی پولیس افسران سے اہم ویڈیو لنک کانفرنس کی۔ آئی جی اور چیف سیکرٹری پنجاب کی مشترکہ کانفرنس ہوئی جس میں سانحہ مسافر خانہ کو ایجنڈہ رکھا گیا، آر پی او شیر اکبر نے فوری ہدایات جاری کرنے کے لیے ڈی پی اوز کانفرنس طلب کی۔تفصیل کے مطابق آر پی او شیر اکبر نے ہدایات جاری کرتے ہوے کہا کہ اسکول کے اوقات کار میں ڈسٹرکٹ ٹریفک افسران فیلڈ میں موجود ہونے چاہیں، جو سخت مانیٹرنگ کریں۔ اسکولوں اور کالجوں میں روڈ سیفٹی کے سیمینار ہنگامی بنیادوں پر منعقد کروائیں۔ اسکولوں، اسپتالوں، پارکوں پر خاص ڈیوٹی لگائیں۔ آر پی او شیر اکبر نے ڈی پی اوز کو حکم دیتے ہوئے کہا کہ وہ ڈپٹی کمشنرز سے مل کر اسٹیک ہولڈرز کی میٹنگ طلب کریں جن میں محکمہ ایجوکیشن، ہیلتھ، سی اینڈ ڈبلیو، پی ایچ پی، بلدیہ و دیگر شامل ہوں۔ آرپی او نے کہا کہ ہر اسکول جوکہ ہائی ویز یا اہم شاہراہوں پر ہیں میں چار رضا کار بطور ٹریفک اسسٹنٹ متعین کریں اور یہ ذمہ داری اسی اسکول کی ہوگی، جن کی ٹریننگ ٹریفک اور موٹروے پولیس کرے گی۔ کسی اسکول کو مزید اہم شاہراہوں پر اسکولوں کے قیام کی اجازت نہ دی جائے، ڈپٹی کمشنرز سے ملکر اس بات کو یقینی بنائیں۔ سروس روڈز پر ناجائز تجاوزات کے خلاف آپریشن کریں۔موٹرویز پولیس اور موٹر وہیکل آفیسرز کو اعتماد میں لے کر تمام پبلک و لاجسٹک وہیکلز کی پڑتال کروائیں۔ آر پی او نے ہدایت کی کہ جلد ہی دھند کا موسم شروع ہوجائے گا، اس پر وضح حکمت عملی ترتیب دیں۔ کم عمر اور بغیر لائسنس ڈرائیوروں کے خلاف آپریشن کریں۔ آر پی او شیر اکبر نے اختتام کرتے ہے کہا کہ انسانی زندگی کے تحفظ کے لیے ہر حد تک جائیں، یہ صرف نوکری کا حصہ نہیں ثواب بھی ہے۔