بہاول پور(نویداقبال چوہدری سے)ڈپٹی کمشنر عرفان علی کاٹھیا کی زیر صدارت دفتر کے کمیٹی روم میں اجلاس منعقد ہوا جس میں ڈی پی او محمدفیصل کامران، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہیڈ کواٹر فاروق قمر کمبوہ، محکمہ تعلیم، ہائی ویز، موٹر وے پولیس، این ایچ اے،پنجاب ہائی وے پولیس، ڈی ایس پی ٹریفک، موٹر وہیکل ایگزامینر، محکمہ صحت، پرائیویٹ سکول اور کالجز ایسوسی ایشن کے عہدیداران اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ ڈپٹی کمشنر عرفان علی کاٹھیا نے کہا کہ قومی شاہراہ اور کے ایل پی روڈ پر واقع سکولوں میں زیر تعلیم بچوں کی محفوظ آمد و رفت کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی ہدایت کے مطابق قومی شاہراہ اور اہم شاہرات پر قائم سکولوں میں صبح اور چھٹی کے اوقات کار میں بچوں کو بحفاظت سڑک عبور کرانے کے لیے سکولوں کے انچارج سکول ٹیچر اور سکیورٹی گارڈ کو مامور کریں۔ انہوں نے کہا کہ کے ایل پی روڈ سمیت ہائی ویز پر جہاں سکول واقع ہیں ان شاہراہوں پر کیٹ آئیز نصب کی جائیں اور زبیرا کراسنگ کا سائن لگایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ موٹر وے اور ٹریفک پولیس سکول اوقات میں ہیوی وہیکل کے ڈرائیورز کو آبادی یا سکول کے نزدیک گاڑی کی رفتار کم کرنے کے حوالہ سے فوری اقدامات کریں۔ انہوں نے کہا کہ سکول اور کالجز میں روڈ سیفٹی کے حوالہ سے ورکشاپ منعقد کی جائیں۔ اس سلسلہ میں موٹر وے پولیس اور ٹریفک پولیس مشترکہ سیشن کا انعقاد کریں تاکہ طلبا کا شعور اجاگر ہو۔ ڈی پی او محمد فیصل کامران نے کہا کہ موٹر وہیکل ایگزامینر گاڑیوں کی ٹیکنیکل چیک اپ کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ سکولوں کے گیٹ کے سامنے بیرئیر لگائے جائیں اور شاہراہ پرواقع سکولوں کی نشاندہی کے لیے بورڈ آویزاں کیے جائیں۔ اجلاس میں انتظامی افسران کو ہدایت کی گئی کہ قومی شاہراہ اور کے ایل پی روڈ پرکوئی نیا سکول قائم نہ کیا جائے اور پہلے سے موجود سکولوں کو متبادل جگہوں پر منتقلی سمیت عوام الناس کی حفاظت کے لیے تمام حفاظتی تدابیر اختیار کی جائیں۔