اسلام آباد(نمائندہ خصوصی) این سی او سی نے کورونا کی نئی قسم اومی کرون کے خطرے کے پیش نظر کیٹیگری سی کے ممالک میں اضافہ کردیا اور ان ممالک سے پاکستان آنے پر مکمل پابندی عائد کردی ہے ۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر اسد عمر کی سربراہی میں نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کا اجلاس ہوا جس میں کورونا کی صورتحال، فضائی سفر اور کیٹیگری سی لسٹ کا جائزہ لیا گیا۔این سی او سی کے مطابق کیٹیگری سی ممالک کی لسٹ 7 سے بڑھا کر 15 کردی گئی ہے جس میں جنوبی افریقا، نیدرلینڈز، ہنگری،آئرلینڈ ، کروشیا، سلووینیا، ویتنام، پولینڈ، موزمبیق، لیسوتھو، ایسواتینی، بوٹسوانا، زمبابوے اور نمیبیا شامل ہیں۔
این سی او سی کا کہنا ہے کہ کیٹیگری سی ممالک سے پاکستان آنے پر مکمل پابندی ہوگی اور ان ممالک سے اشدضروری سفر خصوصی اجازت پر ہی ہوسکے گا جب کہ کیٹیگری سی ممالک سے پاکستان کے لیے سفر خصوصی کمیٹی سے استثنیٰ سرٹیفکیٹ کے بعد ممکن ہوگا۔
این سی او سی کے مطابق پاکستان آنے والے تمام مسافروں کے لیے ویکسی نیشن لازمی ہوگی جب کہ 6 سال اور زائدعمر کے پاکستانیوں، غیرملکیوں کے لیے پی سی آر ٹیسٹ لازمی ہوگا، بورڈنگ سے 48 گھنٹے پہلے کیاگیا پی سی آرٹیسٹ دکھانا لازمی ہوگا۔