• Tue. Jul 1st, 2025

News Time HD TV

Ansar Akram

ریٹائرمنٹ کے اعلان سے پہلے محمد حفیظ کی رمیز راجہ سے ملاقات میں کیا بات چیت ہوئی؟ دونوں میں اختلافات دور نہ ہو سکے

Jan 4, 2022

لاہور(نمائندہ خصوصی)سابق کپتان محمد حفیظ جنہوں نے پیر 3 جنوری 2022 کو بین الااقوامی کرکٹ سے باقاعدہ ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا،انہوں نے قذافی سٹیڈیم میں اپنی پریس کانفرنس میں برملا اس بات کا اعتراف کیا کہ چیئر مین پی سی بی رمیز حسن راجا کے ساتھ ان کی ملاقات نہیں ہو سکی۔البتہ جمعے کو جب وہ بورڈ کے دفتر اپنی ریٹائرمنٹ کا معاملہ لے کر پہنچے ،تو اس وقت چیئر مین ان سے ملے،اور مختصر ملاقات میں انہوں نے رمیز راجا کو اس بارے میں آگاہ کیا۔

ملاقات میں محمد حفیظ نے چیئر مین کو اپنی ریٹائرمنٹ سے جب آگاہ کیا،تو رمیز راجا بولے آپ ہمیں چھوڑکر جا رہے ہیں،محمد حفیظ چیئر مین سے مخاطب ہوئے اور بولے کہ وہ اس بارے میں انہیں مطلع کرنا چاہتے تھے،تاہم انہوں نے ملاقات کے لیے وقت نہیں دیا۔اس کے جواب میں رمیز راجا کا مو¿قف تھا کہ وہ سمجھے کہ محمد حفیظ اپنی پاکستان سپر لیگ کیٹیگری پر گفتگو کے خواہش مند ہیں،محمد حفیظ کا جواب تھا وہ صرف اپنی ریٹائرمنٹ پر چیئر مین کو مطلع کرنا چاہتے تھے،کیٹیگری کے بارے میں کوئی بات نہیں کرنا چاہتے۔

رمیز راجا اور محمد حفیظ کے درمیان سرد جنگ کا آغاز اس وقت ہوا،جب ورلڈ کپ 2019 کے بعد رمیز حسن راجا نے موقف اختیار کیا کہ محمد حفیظ اور شعیب ملک کو اب قومی ٹیم کے لئے منتخب نہیں کرنا چاہیے۔دوسری طرف محمد حفیظ نے موجودہ چیئر مین رمیز راجا کے بارے میں ماضی میں گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ ان کی کرکٹ کے بارے میں سوچ کا معیار یہ ہے کہ وہ ان کے 12 سال کے بیٹے روشان سے بھی کم ہے۔