کراچی۔28جنوری (غلام مصطفے عزیز)بدر جعفری انویٹیشن کرکٹ ٹورنامنٹ میں نیو سنگم کرکٹ کلب اور پاک فلیگ کرکٹ کلب نے اپنے اپنے میچوں میں کامیابی حاصل کرلی، غضنفر یار غنی اور شعیب شاکر نے شاندار سنچریاں سکور کیں۔ زیڈ اے سپورٹس کے زیراہتمام بدر جعفری انویٹیشن کرکٹ ٹورنامنٹ میں جمعہ کو مزید دو میچ کھیلے گئے ۔ٹی ایم سی کرکٹ گرائونڈ میں کھیلے گئے پہلے میچ میں نیو سنگم کرکٹ کلب نے منٹگمری جمخانہ کو 93 رنز سے شکست دی۔ نیو سنگم کرکٹ کلب نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 40 اوورز میں آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 271 رنز سکور کئے۔ غضنفر یار غنی نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے شاندار سینچری سکور کی۔ انہوں نے 113 رنز اسکور کئے۔ عرفان علی خان نے 44 اور فاروق احمد نے 37 رنز اسکور کئے۔ منٹگمری جیمخانہ کی جانب سے غازی عباد ناصر ، طحہ وقار ، شاہد اسلم اور ایاز خان نے دو دو کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ ہدف کے تعاقب میں منٹگمری جمخانہ کی پوری ٹیم 294 اوورز میں 178 رنز بناکر آئوٹ ہوگئی۔ شاہد اسلم نے 48 ، سید طیب حسین نے 29 اور ایاز خان نے 22 رنز اسکور کئے۔ نیو سنگم کرکٹ کلب کی جانب سے معین نواب اور جمیل احمد نے تین تین جبکہ منصف علی نے دو کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ جنید افضل اور محمد متین نے ایمپائرنگ کے فرائض سرانجام دئیے جبکہ سید افراسیاب آفیشل اسکورر تھے۔ ٹی ایم سی کرکٹ گرائونڈ پر کھیلے گئے دوسرے میچ میں پاک فلیگ کرکٹ کلب نے دائود اسپورٹس کولٹس کو آٹھ وکٹوں سے شکست دیدی۔ دائود اسپورٹس کولٹس کی ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 40 اوورز میں آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 215 رنز سکور کئے۔ انیب انور نے 55 ، سردار ولی نے 30 ، سمران اعجاز نے 23 اور ایس ایم اویس نے 22 رنز اسکور کئے۔ صالح اور یاسر نے دو دو کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ جواب میں پاک فلیگ کرکٹ کلب نے شعیب شاکر کی جارحانہ سینچری کی بدولت دائود اسپورٹس کولٹس کو باآسانی آٹھ وکٹوں سے شکست دیدی۔ شعیب شاکر نے 23 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 92 گیندوں پر 139 ناقابل شکست رنز اسکور کئے۔ مغیز نے 48 رنز اسکور کئے۔ دائود اسپورٹس کولٹس کی جانب سے معاذ آفتاب نے دو کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔