• Mon. Jun 30th, 2025

News Time HD TV

Ansar Akram

شعیب ملک اور حسین طلعت کی برق رفتار بیٹنگ کی بدولت پی ایس ایل 7 میںپشاور زلمی کی کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف سنسنی خیز فتح، پلیئر آف دی میچ ول سمڈ کے 97 رنز رائیگاں

Jan 30, 2022

کراچی، 28 جنوری(غلام مصطفے عزیز)۔پی ایس ایل سیزن 7 کا پہلا دن پھیکا رہا لیکن دوسرے دن پشاورزلمی نے اپنے کئی کھلاڑیوں کی عدم موجودگی کے باوجود کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 6 وکٹوں کی حیرت انگیز اور سنسنی خیز شکست سے دوچار کیا۔نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں جمعہ کو کھیلے گئے میچ میں پشاورزلمی کے ہیر و پاکستان کے سدابہار کرکٹر شعیب ملک اور حسین طلعت تھے جنہوں نے یہ میچ کوئٹہ سے چھین کر سب کو ششدر کردیا۔ 191 رنز کے مشکل ہدف کے تعاقب میں پشاور زلمی نے جب یہ جیتا تو میچ کی دو گیندیں باقی تھیں۔حسین طلعت اور شعیب ملک کی 81 رنز کی فائٹنگ پارٹنرشپ نے میچ کا پانسہ پلٹ دیا۔شعیب ملک 4 بلندبالا اور ایک چھکے کی مدد سے 32 گیندوں پر ناقابل شکست 48 رنز کی اننگز کھیلی اور اپنی ٹیم کا بیڑا پار کیا۔حسین طلعت 29 گیندوں پر 52 رنز کی برق رفتار اننگز کھیل کر آئوٹ ہوئے جس میں 5 طاقتور چوکے اور 2 بھرپور چھکے شامل تھے۔پشاورزلمی کے 77 رنز پر 3 وکٹ گنواچکی تھی اور ان کے لئے صورتحال کافی گھمبیر تھی۔نوجوان کھلاڑی یاسر خان نے 12 گیندوں پر 30 رنز بناکر اپنی ٹیم کو سپر اسٹارٹ فرہم کیا۔جس میں 4 چوکے اور 2 چھکے شامل تھے۔اس کے بعد حسیہن طلعت کھیل پر چھاگئے۔گلیڈی ایٹرز کی طرف سے پلیئر آف دی میچ ول سمڈ نے 97 رنز کی دلکش اننگز کھیلی لیکن وہ ان کے کام نہ آسکی۔پی ایس ایل 7 کا دوسرا روزشائقین کرکٹ کے لئے سنسنی خیز اور دلچسپ ثابت ہواکیونکہ انہیں روایتی برق رفتار بیٹنگ دیکھنے کو ملی۔جس بیٹرنے اپنی دھواںدار بیٹنگ سے اسٹیڈیم میں موجودتماشائیوں کو محظوظ کیاوہ کوئی نامور کھلاڑی نہیں تھا،یہ تھے انگلینڈ کے شہر کیمبرج میں پیدا ہونے والے نوجوان بلے بازاوپنر ول سمید تھے جو تقریباً ٹورنامنٹ میں پہلی سینچری بنانے کے قریب آگئے تھے تاہم قسمت نے ان کے ساتھ نہیں دیا اور 20ویں اوور کی آخری گیند پربائونڈری لائن سے چند انچ پہلے ثمین گل کی گیند پر پیٹ برائون کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوگئے۔لیکن اپنی دلکش اور توانائی سے بھرپور 97رنز کی اننگز سے نہ صرف تماشائیوں کے بلکہ دنیابھر میں ٹیلی ویژن پر دیکھنے والے لوگوں کے دل موہ لئے۔ول سمید نے اپنی اسٹروکس سے بھرپور اننگز کے دوران62 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 11 چوکوں اور 4 بلند و بالا چھکے لگائے۔ول سمید نے احسان علی کے ساتھ ملکر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 155 رنز کا شاندار آغاز فراہم کیا۔ان دونوں کی برق رفتار بیٹنگ کی بدولت گلیڈی ایٹرز نے اپنے 100 رنز صرف 65 گیندوں پر مکمل کئے۔نوجوان بیٹراحسان علی نے اپنے کیرئیر کی شاندار اننگز کھیلی۔انہوں نے 46 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 73 رنز بنائے جس میں 8 بائونڈریز اور 3 بھرپور چھکے شامل تھے۔خوش قسمتی بھی ول سمڈ کے ساتھ رہی جب میچ کے آغاز میں سہیل خان نے ان کے آسان کیچ ڈراپ کردیا جبکہ 20ویں اور آخری اوور میں فری ہٹ پر ثمین گل نے انہیں بولڈ کردیا تھا۔ لیگ اسپنر عثمان قادر نے اپنے پہلے اوور کا آغاز 14رنز کے ساتھ کیا تھالیکن اگلے تین اوورز میں انہوں نے 6 رنزدیکر 2وکٹیں حاصل کیں اور گلیڈی ایٹرز کو 200 تک پہنچنے سے محروم کردیا۔روایتی انداز میں پشاورزلمی کے کپتان شعیب ملک نے ٹاس جیت کر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو بیٹنگ کے لئے بھیجا۔کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پشاور زلمی کو میچ جیتنے کے لئے 191 رنز کا ہدف دے دیا تھا۔، گلیڈی ایٹرز نے اپنے مقررہ 20 اوورز میں 190 رنز بنائے۔ احسن علی نے 46 گیندوں پر 3 چھکوں اور 8 چوکوں کی مدد سے 73 رنز بنانے کے بعد عثمان قادر کی گیند پر شیرفین ردرفورڈ کے ہاتھوں بائونڈری لائن پر کیچ آئوٹ ہوگئے۔پشاورزلمی کے بولر عثمان قادر نے اپنے مقررہ 4 اوورز میں 20 رنز کے عوض 2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ ثمین گل نے بھی4 اوورز میں 41 رنز دیکر2 کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔