• Sat. Jun 28th, 2025

News Time HD TV

Ansar Akram

پی ایس ایل 7 میں ملتان سلطانز کی کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف حیرت انگیز فتح،شان، خوشدل،ولی، طاہرکا جیت میں کلیدی کردار

Feb 1, 2022

کراچی، 31 جنوری،(غلام مصطفے عزیز) شان مسعود کی شاندار بیٹنگ اور خوشدل شاہ ، ڈیوڈ ولی، عمران طاہرکی بالنگ اورٹم ڈیوڈ کے خوبصورت کیچ کی بدولت ملتان سلطانز نے ایک حیرت انگیز مقابلے کے بعد، گلیڈی ایٹرز کو6 رنز سے شکست دیگر مسلسل تیسری فتح حاصل کرلی، شان مسعود کو ان کی شاندار بیٹنگ پر پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔ نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں پیر کو کھیلے جارہے ایچ بی ایل پاکستان سپرلیگ(پی ایس ایل) سیزن 7 کے ساتویں میچ میںگوکہ 2019 کی چیمپیئن ٹیم گلیڈی ایٹرز ہار گئی لیکن اس میچ نے تماشائیوں کے دل موہ لئے۔ ایک موقع پر 15 ویں اوور کے آغاز میں گلیڈی ایٹرز کے 6 وکٹ گر گئے تھے تاہم افتخاراحمد نے محض 13 گیندوں پر 3 چھکوں اور ایک چوکے کی مدد سے 30 رنز بناکر اپنی ٹیم کو واپس میچ میں لائے لیکن افتخار کے آئوٹ ہونے کے بعد ان کے جیت کے امکانات کم ہوگئے تھے۔ سہیل تنویر نے ایک چوکا اور ایک چھکا لگا کر ٹیم میں دوبارہ جان پیدا کی۔ ڈیوڈ ولی نے آخری اوور میں 8 رنز کا شاندار دفاع کیا اور سہیل تنویر اور نسیم شاہ کی وکٹ حاصل کرکے اپنی ٹیم کو ایک سنسنی خیز فتح سے ہمکنار کیا۔میچ کی آخری گیند پر ٹم ڈیوڈ نے ایک یقینی چھکے کو انتہائی مہارت سے بائونڈری کے اندر اچھال کر دوبارہ کیچ پکڑا اور اپنی ٹیم کی ممکنہ شکست کو فتح میں تبدیل کردیا۔175 رنز کا تعاقب کرتے ہوئے گلیڈی ایٹرز کی ٹیم 169 بناکر آئوٹ ہوگئی۔ ڈیوڈ ولی ، خوشدل شاہ اور عمران طاہر نے تین تین وکٹیں حاصل کرکے مخالف ٹیم کی بیٹنگ کی کمر تورڑ کر رکھ دی۔بین ڈکٹ نے سب سے زیادہ 47 رنز بنائے جس میں 6 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔پی ایس ایل کے پانچویں روز بھی ٹاس جیتو اور فیلڈنگ کرو کا سلسلہ جاری رہا، 2017 کی چیمپینئز ٹیم کے وننگ کپتان سرفراز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے لئے ٹاس جیت کر ملتان سلطانز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی، ان کا یہ فیصلہ کمال کا ثابت ہواجب ان فارم بیٹر محمد رضوان اپنی دوسرے ہی گیند پر صفرپر محمد حسنین کا شکار بنے تاہم پاکستان ٹیم سے باہر ہونے والے شان مسعود نے اپنی مستقل مزاج بیٹنگ کے ذریعے اپنی ٹیم کا ایک فائٹنگ اسکور 174-3بنانے میں نمایاں کردار ادا کیا۔رضوان کے جلدی آئوٹ ہونے کے بعد ایک اچھا اسکور تھا۔ٹم ڈیوڈ نے 16گیندوں پر برق رفتارناقابل شکست 28 رنز بنائے۔شان مسعودکی دلکش اننگز 88 رنز پر مشتمل تھی جس میں انہوں 58 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے نصف درجن چوکوں اور 4 فلگ شگاف چھکے شامل تھے۔شان اور ڈیوڈ نے تیسری وکٹ پر56 قیمتی رنز کا اضافہ کرکے اپنی ٹیم کو سنبھالا دیا۔صہیب مقصود اور رہیلی روسو 21، 21 رنز بناکر آئوٹ ہوئے جبکہ خوشدل شاہ نے ایک چھکے کی مدد سے 8 رنز بنائے۔فاسٹ بالر محمد حسنین نے 4 اوورز میں 27 رنز دیکر 2 وکٹیں حاصل کیں۔