• Mon. Jun 30th, 2025

News Time HD TV

Ansar Akram

وزیر اعظم کا دورہ رنگ لانے لگا، چینی کمپنیوں سے کئی ارب ڈالر کے معاہدے، کون کون سے منصوبے شامل ہیں؟

Feb 5, 2022

بیجنگ (نمائندہ خصوصی) وزیر اعظم عمران خان کے دورہ چین کے دوران مختلف چینی کمپنیوں کے ساتھ پاکستان میں اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کے معاہدے طے پاگئے۔ چینی کمپنیاں بندرگاہ، ٹیکسٹائل، ایل این جی ، زرعی اور ٹیکنالوجی کے سیکٹر میں سرمایہ کاری کریں گی۔

نجی ٹی وی دنیا نیوز کے مطابق وزیر اعظم کے دورے کے دوران چائنہ مشینری انجینئرنگ کارپوریشن (سی ایم ای سی) کے ساتھ گوادر میں سٹیل ری سائیکلنگ کیلئے ساڑھے چار اب ڈالر کی سرمایہ کاری کا معاہدہ طے پایا ہے۔ کمپنی کراچی میں دو لاکھ میٹرک ٹن ایل این جی سٹوریج تیار کرنے میں بھی دلچسپی رکھتی ہے ، یہاں یہ 500 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گی۔ اس کے علاوہ سی ایم ای سی زرعی ٹیکنالوجی کے ٹرانسفر کیلئے 50 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری سے ایک سنٹر قائم کرے گی۔

چائنہ روڈ اینڈ برِج کارپوریشن (سی آر بی سی) کراچی پورٹ ٹرسٹ (کے پی ٹی) کی شراکت سے پاکستان میں ساڑھے تین ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گی۔ سی آر بی سی اور کے پی ٹی میں اشتراک سے کراچی کوسٹل ڈویلپمنٹ زون قائم کیا جائے گا۔

اس کے علاوہ چین کا ہنان سن واک کنسٹرکشن گروپ (ایچ ایس سی جی) دو ارب ڈالر کی سرمایہ کاری سے پاکستان میں ایک لاکھ کلومیٹر لمبی فائبر آپٹکس کیبل بچھائے گا۔

چینی کمپنی رائل گروپ نے پاکستان کی فوجی فرٹیلائزر کے ساتھ متعدد ایم او یوز سائن کیے ہیں۔ گروپ پاکستان میں بھینسوں کے فارم میں 50 ملین ڈالر اور دودھ کی پراسیسنگ میں 30 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گا۔ چین کے چیلنج فیشن نے 250 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری سے 100 ایکڑ زمین خریدی ہے ، ٹیکسٹائل سیکٹر میں اس سرمایہ کاری سے پاکستان کی برآمدات میں 400 ملین کا اضافہ ہوگا اور 20 ہزار نئی نوکریاں پیدا ہوں گی۔

نیو سوفٹ میڈیکل سسٹم پاکستان میں طب کے شعبے میں 170 ملین ڈالر کے مختلف منصوبوں پر کام کا ارادہ رکھتا ہے، یہ مصنوعی ذہانت کے شعبے میں 30 ملین ڈالر سرمایہ کاری کرے گا۔ اس کے علاوہ گلوبل سیمی کنڈکٹر گروپ 40 ملین ڈالر کی لاگت سے سکلز ڈویلپمنٹ سنٹر قائم کرے گا جس سے ایک لاکھ سے زائد نوکریاں پیدا ہوں گی۔