بیجنگ (نمائندہ خصوصی)چین کے دارالحکومت بیجنگ میں سرمائی اولمپکس 2022ءکا آغاز رنگارنگ افتتاحی تقریب کے ساتھ ہوا، جہاں وزیراعظم عمران خان، چینی صدر شی جن پنگ،روسی صدر ولادی میرپیوٹن سمیت کئی ممالک کے سربراہ شریک ہوئےجبکہ امریکہ،برطانیہ اور آسٹریلیا سمیت کئی ممالک نے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے الزامات عائد کرتے ہوئے سرمائی اولمپکس کا بائیکاٹ کیا اور ان ممالک کے کسی بھی نمائندے نے تقریب میں شرکت نہیں کی ،وزیراعظم عمران خان کی موجودگی میں پاکستانی ٹیم کی گراونڈ آمد پر پنڈال تالیوں سے گونج اٹھا ۔
تفصیلات کےمطابق سرمائی اولمپکس کی افتتاحی تقریب میں چین کےصدرشی جن پنگ کےعلاوہ روس کےصدر ولادیمیر پیوٹن،پاکستان کےوزیراعظم عمران خان،ازبکستان کےصدر اور دیگر ممالک کےسربراہان نےشرکت کی۔کووڈ 19 کے خطرات کے باوجود سخت قواعد کے ساتھ سرمائی اولمپکس کا آغاز ہوا ،سٹیڈیم میں گیمز میں شریک 91 ممالک کے جھنڈے لہرا رہے تھے۔افتتاحی تقریب میں تین ہزار فن کاروں نےسرمائی اولمپکس میں اپنے فن کا مظاہرہ کیا، جو بیجنگ اور قریبی صوبے ہیبے کے عام فن کار تھے اور اس کا عنوان “سٹوری آف سنوفلیک” تھا۔افتتاحی تقریب میں وزیراعظم عمران خان کے ساتھ ساتھ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیر منصوبہ بندی اسد عمر، وزیر اطلاعات فواد چوہدری اور دیگر بھی شریک تھے۔
دوسری طرف وفاقی وزیر فواد چوہدری نےمائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ پرٹویٹ کرتےہوئے کہاکہ پاکستان کی ٹیم پاکستان کا جھنڈا لہراتے ہوئےسٹیڈیم میں داخل ہوئی، وزیر اعظم پاکستان نے تعظیماً نشست پر کھڑے ہو کر ٹیم کیلئے تالیاں بجائیں ۔ انہوں نے کہاکہ درجنوں ٹیمیں آئیں لیکن سٹیڈیم میں اگر چین کے بعد کسی ٹیم کیلئے تالی بجی تو وہ پاکستان کی ٹیم تھی، عام چینی پاکستان سے محبت کرتا ہے اور یہ تالیاں اسی جذبے کا اظہار ہیں ۔
یاد رہےکہ سرمائی اولمپکس میں پاکستان کی نمائندگی گلگت بلتستان سے تعلق رکھنے والے ایتھلیٹ محمد کریم کر رہے ہیں جو الپائن اسکی میں حصہ لیں گے۔محمد کریم سرمائی اولمپکس میں تیسری مرتبہ پاکستان کی نمائندگی کریں گے جبکہ پاکستان نے مجموعی طور پر چار مرتبہ سرمائی اولمپکس میں حصہ لیا۔پاکستان نے پہلی مرتبہ 2010ء میں وینکوئیر الپائن اسکی میں حصہ لیا تھا جہاں محمد عباس نے نمائندگی کی تھی، جس کے بعد محمد کریم نے پاکستان کی نمائندگی کی۔