• Tue. Jul 1st, 2025

News Time HD TV

Ansar Akram

ملتان سلطانز کی مسلسل پانچویں جیت میں رضوان، ڈیوڈاور عمران کا مرکزی کردار

Feb 6, 2022

کراچی، 5 فروری (غلام مصطفے عزیز)۔ملتان سلطانز نے محمد رضوان کی سرکردہ قیادت میں پشاور زلمی کو 57 رنز سے شکست دے کر مسلسل پانچویںفتح حاصل کی اور پاکستان سپر لیگ سیزن سیون کے کراچی لیگ کا اختتام متاثرکن انداز میں کیا۔223 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پشاورزلمی کی ٹیم اپنے مقررہ 20 اوورز میں 165-8 رنز بناسکی۔رضوان اور ٹم ڈیوڈ کی تابڑتوڑ بیٹنگ کے ساتھ ساتھ عمران طاہر اورشاہنواز ڈھانی کی بالنگ نے اپنا کردار ادا کیا۔پلیئر آف دی کیچ محمد رضوان کو دیا گیا۔نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں ہفتہ کو کھیلے جانے والے میچ میں زلمی کے حضرت اللہ زازائی جو چھکے مارنے میں جانے پہچانے جاتے ہیں، گوکہ انہوں نے 43 رنز بنائے لیکن وہ اپنی 32 گیندوں کی اننگز میں صرف ایک چھکا لگا سکے۔ کامران اکمل 10، شعیب ملک11 اور حیدرعلی24 رنز بناکر آئوٹ ہوئے۔ بین کٹنگ نے آخر تک مزاحمت کی اور 52 رنز بناکر ناٹ آئوٹ رہے، 31 گیندوں کی ان کی اننگز میں 5 چھکے اور 3 چوکے شامل تھے۔سلطانز کے لیگ اسپینر عمران طاہر نے 25 رنز کے عوض 3 وکٹیں حاصل کیں اور شاداب خان کی 10 وکٹوں کے ساتھ ٹاپ وکٹ ٹیکر بن گئے۔ شاہنوازڈھانی نے 41 رنز دیکر 3 وکٹیں لیں۔ اس سے پہلے ملتان سلطانز نے ایک بار پھر کپتان محمد رضوان اور ٹم ڈیوڈکی دھواں دار بیٹنگ کی بددلت 222 رنز کا بڑا اسکور کھڑا کردیا۔ رضوان جو گذشتہ دو میچوں میں بڑا اسکور کرنے میں کامیاب نہیں ہوئے تھے، ایک بار پھر اپنی بیٹنگ کا سکہ جمایا، اس میں اوپنر شان مسعود ،صبہیب مقصود اور ٹم ڈیوڈ نے رضوان کا پورا ساتھ دیا، یہ دوسرا موقع تھا جب ملتان سلطانز کی ٹیم نے اس لیگ میں دو سو سے زائد رنز اسکور عبورکیا، شان مسعود 5 چوکوں کی مدد سے 35 رنز بناکر آئوٹ ہوئے۔ رضوان اور شان نے 9 اوورز میں اپنی ٹیم کو 85 رنز کا اوپننگ اسٹینڈ فراہم کیا جس کے بعد صہیب مقصود کو عثمان قادر نے پچھلی گیند پر چھکا کھانے کے بعد اگلی گیند پر بولڈ کردیا،انہوں نے 25 رنز بنائے جس میں 2 چھکے شامل تھے۔ لیکن اس کے بعد رضوان اور ٹم ڈیوڈ پشاورزلمی کے 6 بالرز پرچھائے رہے۔دونوں نے خوبصورت ہٹنگ کا مظاہرہ کیا اورزلمی کے کسی بھی بالر کو خاطر میں نہیں لائے،جب رضوان سینچری کی جانب بڑھتے ہوئے دکھائی دے رہے تھے، وہ ایک اونچا شارٹ کھیلنے کی کوشش میں سلمان ارشاد کی گیند پر ثاقب محمود کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوگئے۔رضوان نے 53 گیندوں پر 8 بائونڈریز اور ایک چھکے کے ساتھ 82 رنز بنائے۔آخری پانچ اوورز میں تو رضوان کے ساتھ ساتھ ٹیم ڈیوڈ اور خوشدل شاہ نے برق رفتار بیٹنگ سے زلمی کی بالنگ کا جلوس نکال دیا۔ ٹم ڈیویڈ نے محض 19 گیندوں پر ناقابل شکست 51 رنز بنائے جس میں نصف درجن بلند وبالا چھکے اور 2 چوکے شامل تھے۔ خوشدل شاہ نے 7 گیندوں پر 21 رنز ناٹ آئوٹ بنائے جس میں 3 اونچے چھکے شامل تھے۔ڈیوڈ نے 18 گیندوں پر نصف سینچری مکمل کی جو پی ایس ایل میں پانچویں تیزترین نصف سینچری ہے۔ زلمی کے سلمان ارشاد، شعیب ملک اور عثمان قادر نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔