کراچی۔7فروری(غلام مصطفے عزیز)۔مکمل ویکسین لگوانے والے شائقین کے لیے 16 فروری سے سٹیڈیم کی 100 فیصد گنجائش کی اجازت ہوگی۔پاکستانی ہوائی اڈوں پر آمد پر اندرون ملک مسافروں کے لیے آر اے ٹی ٹیسٹ 8 فروری سے ختم کر دیا گیا۔ پیر کو این سی او سی میں وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات اسد عمر کی زیر صدارت نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کا اجلاس اسلام آباد میں ہوا۔ فورم نے وبائی امراض کے اعداد و شمار، قومی ویکسی نیشن کی پیشرفت، ان بانڈ ہیلتھ پروٹوکول اور جاری پی ایس ایل کے دوسرے مرحلے پر تبادلہ خیال کیا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کو 15 فروری 2022 تک پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل)کے لاہور میں ہونے والے میچز کے دوران 50 فیصد اسٹیڈیم میں مکمل ویکسین لگوانے والے شائقین کے لیے میچز کرانے کی اجازت دی گئی ہے، تاہم 16 فروری سے مکمل ویکسین لگوانے والے شائقین کے لیے سٹیڈیم میں 100 فیصد گنجائش کی اجازت ہوگی جن میں 12 سال سے کم عمر کے ایسے بچوں (غیر ویکسین شدہ)کو بھی میچ دیکھنے کی اجازت ہوگی۔ پاکستانی ہوائی اڈوں پر آمد پر اندرون ملک مسافروں کے لیے RAT ٹیسٹ 8 فروری سے ختم کر دیا گیا ہے تاہم RAT ٹیسٹ بیرونی ممالک سے ڈی پورٹ ہونے والوں اور لینڈ بارڈر ٹرمینلز سے آنے والے ویکسین نہ ہونے والے افراد کے لیے جاری رہے گا۔