• Mon. Jun 30th, 2025

News Time HD TV

Ansar Akram

پی سی بی کا نئے کمنٹیٹر کی تلاش کیلئے “وائس آف پاکستان کرکٹ 2022 ” مہم کا آغاز

Feb 11, 2022

کراچی۔9فروری(غلام مصطفے عزیز)۔پاکستان کرکٹ بورڈ نے پیپسی کے تعاون سے “وائس آف پاکستان کرکٹ 2022 ” مہم کا آغاز کردیا ،اس مہم کے تحت پی سی بی ایچ بی ایل پی ایس ایل 7 کے دوران نئے کرکٹ کمنٹیٹرکی تلاش شروع کرے گا،ترجمان کے مطابق اس سلسلہ میں ڈیجیٹل مہم ( کل) جمعرات سے شروع ہوگی،کرکٹ کمنٹری میں پیشہ ورانہ کیریئر بنانے کے خواہشمند افراد اس مہم میں حصہ لے سکتے ہیں،خواہشمند امیدواروں کو مہم میں شرکت کیلئے اپنی کرکٹ کمنٹری کی ویڈیو جمع کروانا ہوگی،ترجمان کے مطابق اس مہم میں صرف اٹھارہ سال سے زائد عمر کے پاکستانی شہری ہی حصہ لے سکتے ہیں، امیدوار اردو یا انگریزی کسی بھی ایک زبان میں اپنی کرکٹ کمنٹری کی ویڈیو بناکر بھجوا سکتے ہیں،درخواستیں جمع کروانے والے 20 بہترین امیدواروں کے آڈیشنز خود چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ کریں گے،20 میں سے پانچ افراد کو فائنل رائونڈ کیلئے شارٹ لسٹ کیا جائے گا، جن میں سے ایک کو پاکستان کرکٹ کی آواز برائے 2022 قرار دیا جائے گا،ترجمان کے مطابق یہ ٹائٹل جیتنے والے کمنٹیٹر کو پانچ لاکھ روپے کے انعام سمیت ایچ بی ایل پی ایس ایل 7 کے فائنل میں کمنٹری کا موقع بھی فراہم کیا جائے گا،اس حوالے سے پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین رمیز راجہ کا کہنا ہے کہ پیپسی کے اشتراک سے پی سی بی کی جانب سے شروع کی جانے والی وائس آف پاکستان کرکٹ 2022 کی یہ مہم ایک بہترین اقدام ہے، جو کرکٹ کمنٹیٹر بننے کے خواہشمند شائقین کرکٹ کو آگے بڑھنے کا ایک بہترین موقع فراہم کررہی ہے،چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ اس سے قبل پاکستان نے کبھی بھی اتنے وسیع پیمانے پر ایسی مہم کا آغاز نہیں کیا اور مجھے یقین ہے کہ پی سی بی اور پیپسی کے تعاون سے شروع ہونے والا “وائس آف پاکستان کرکٹ 2022” دنیا بھر کے شائقین اور کمنٹیٹرزکی بھرپور توجہ حاصل کرے گا۔